
مرد دوست اب میری زندگی کا حصہ نہیں رہے، رومیسہ خان
مقبول اداکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر رومیسہ خان کا کہنا ہے کہ وہ انسٹاگرام پر بھی مردوں کے میسیجز سے گریز کرتی ہیں اور صرف خواتین سے خوش دلی سے بات کرتی ہیں۔
رومیسہ خان نے حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بےتکلفی سے اپنی ذاتی زندگی، فنی سفر اور دوستیوں کے حوالے سے دلچسپ گفتگو کی۔
رومیسہ خان، جو حال ہی میں فلم ‘جان‘ میں عمدہ اداکاری کے اعتراف میں لکس اسٹائل ایوارڈ حاصل کر چکی ہیں، اب نہ صرف اپنے کیریئر بلکہ ذاتی رویوں میں بھی نمایاں تبدیلی لا چکی ہیں۔
انٹرویو کے دوران رومیسہ نے بتایا کہ ان کے بچپن اور نو عمری کے دنوں میں ان کی ذہنی ہم آہنگی زیادہ تر لڑکوں کے ساتھ ہوتی تھی، کیونکہ اس وقت ان کے اردگرد موجود لڑکیاں ان کے مزاج سے ہم آہنگ نہیں تھیں۔ تاہم، وقت کے ساتھ ان کی ترجیحات اور دوستیوں میں خاطر خواہ تبدیلی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب میری قریبی دوست صرف لڑکیاں ہیں، جن کے ساتھ میری مکمل ذہنی ہم آہنگی ہے۔ مرد دوست اب میری زندگی کا حصہ نہیں رہے۔
رومیسہ نے مزید وضاحت کی کہ وہ سوشل تقریبات میں مردوں سے ملاقات ضرور کرتی ہیں، لیکن ان کا قریبی حلقہ خواتین تک محدود ہے۔
سوشل میڈیا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ انسٹاگرام پر بھی مردوں کے میسیجز سے گریز کرتی ہیں اور صرف خواتین سے خوش دلی سے بات کرتی ہیں۔
اداکارہ نے فلم ‘جان‘ کے تجربے کو زندگی بدل دینے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پراجیکٹ نے ان کے فنی سفر میں ایک اہم موڑ فراہم کیا ہے، اور انہیں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملا۔