تازہ ترین

'انڈین آئیڈل 12' کے فاتح گلوکار خوفناک حادثے کا شکار


بھارت کے مشہور گلوکار اور انڈین آئیڈل 12کے فاتح پاوندیپ راجن احمد آباد کے قریب ایک خوفناک کار حادثے میں زخمی ہو گئے ہیں، افسوسناک خبر نے دنیائے موسیقی کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔

آج علی الصبح پوندیپ راجن ایک خطرناک کار حادثے کا شکار ہو گئے، حادثہ صبح تقریباً پونے 4 بجے احمد آباد میں پیش آیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پوندیپ راجن کو حادثے میں شدید چوٹیں آئیں ہیں اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حادثے کے بعد گلوکار شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں پوندیپ کو زخمی حالت میں کراہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اُن کے بائیں پاؤں اور دائیں بازو پر نمایاں زخم ہیں اور وہ شدید تکلیف میں نظر آ رہے ہیں۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو چکی ہے اور دنیا بھر سے ان کے مداح سوشل میڈیا پر ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں اور نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔ ایکس (ٹوئٹر)، انسٹاگرام اور فیس بک پر ‘GetWellSoonPawandeep’ جیسے ہیش ٹیگز کے ذریعے صارفین نے اپنی محبت اور فکر کا اظہار کررہے ہیں۔ پوندیپ راجن نے انڈین آئیڈل 12 میں اپنی مدھر آواز، کلاسیکی انداز اور جدید موسیقی میں مہارت کی بدولت ملک بھر میں مقبولیت حاصل کی تھی، ان کا تعلق ریاست اتراکھنڈ سے ہے، انڈین آئیڈل 12 کے فاتح بننے کے بعد پوندیپ راجن شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔پوندیپ ایک موسیقار خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، ان کی والدہ سروج راجن، والد سریش راجن اور بہن جوتی دیپ راجن کماؤنی لوک موسیقی کے حوالے سے خاصی شہرت رکھتے ہیں۔ پوندیپ نے صرف 2 سال کی عمر میں سب سے کم عمر طبلہ نواز کا ایوارڈ جیتا تھا، اس کے بعد 2015 میں انہوں نے 'دی وائس آف انڈیا' کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا تھا اور پھر انڈین آئیڈل 12 جیت کر اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ان کے زخمی ہونے کی خبر نے نہ صرف ان کے چاہنے والوں بلکہ شوبز انڈسٹری میں بھی تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، شوبز انڈسٹری سے وابستہ کئی شخصیات نے پوندیپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ مداح پُرامید ہیں کہ پوندیپ جلد صحت یاب ہو کر ایک بار پھر اپنے سُروں کے ساتھ مداحوں کے درمیان واپس لوٹ آئیں گے۔