
پہلگام حملہ: فرحان سعید بھارتی میڈیا پر برس پڑے
معروف پاکستانی گلوکار و اداکار فرحان سعید بھارتی میڈیا کی جانب سے مسلسل پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور جارحیت کو ہوا دینے پر برس پڑے۔
فرحان سعید کی مقبولیت صرف پاکستان تک ہی محدود نہیں بلکہ بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل 'ہمسفر' اور 'سنو چندا' میں کام کرنے کے بعد انہیں بھارت سے بھی بڑی فین فالونگ ملی تھی۔
شاید یہی وجہ تھی کہ فرحان سعید ان پاکستانی فنکاروں میں شامل ہیں جنہوں نے سب سے پہلے پہلگام میں ہوئے فائرنگ کے واقعے پر اظہارِ افسوس کیا تھا۔
23 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پر ہونے والے اس حملے میں 26 سیاح ہلاک جبکہ 12 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
اس واقعے کے بعد فرحان سعید نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا تھا کہ پہلگام حملے کے متاثرین اور ان کے خاندانوں کے لیے دل کی گہرائیوں سے تعزیت۔
اسکرین گریب/انسٹاگرام
تاہم انتہائی سخت سیکیورٹی والے خطے میں ایسی کارروائی ہونا جہاں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اہلکار تعینات ہیں، خود بھارت کی سیکیورٹی کمزوریوں کی قلعی کھولتا ہے۔
اس کے باوجود اپنے سیکیورٹی اداروں کی اس بڑی غفلت پر انگلیاں اٹھانے کے بجائے پہلگام حملے کے فوراً بعد بھارتی میڈیا اور بھارتی حکومت حسبِ عادت ہم آواز ہو کر ہمیشہ کی طرح بلا ثبوت پاکستان پر الزام دھرنے لگے۔
تند و تیز بیانات، چیختی و چنگھاڑتی سرخیوں کے ساتھ جارحانہ انداز میں کوریج کے ذریعے بھارتی میڈیا کی جانب سے ایک بار پھر ایسی فضا قائم کی جارہی کہ گویا پاک بھارت جنگ چھِڑنے ہی والی ہے۔
ایسے میں پاکستانی اداکار فرحان سعید جو حملے کی مذمت کرنے میں پیش پیش تھے، وہ بھی بھارتی میڈیا کے اس انداز پر برہمی کا اظہار کرتے نظر آئے۔
اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک اسٹوری شیئر کر کے بھارتی میڈیا کے جارحیت بھرے کردار کو بے نقاب کیا۔
انہوں نے لکھا کہ 'پہلگام میں جو کچھ ہوا وہ جتنا افسوسناک ہے، اتنا عجیب بھارتی میڈیا کو دیکھنا ہے'۔
اسکرین گریب/انسٹاگرام
بھارتی میڈیا کو انتہائی غیر ذمہ دار اور جارحیت پسند قرار دیتے ہوئے اداکار نے مزید کہا کہ 'یہ پہلی دفعہ نہیں ہوا اور مجھے یقین ہے کہ یہ آخری بار بھی نہیں ہے، یہ مزید بدتر ہوتا جائے گا'۔
فرحان سعید کا مزید کہنا تھا کہ 'اپنی ٹی آر پیز کے لیے وہ کچھ بھی کہتے رہیں گے اور اگر خدانخواستہ دونوں ممالک کے درمیان کچھ ہوا یہ سب سے پہلے بھاگیں گے اور دونوں ممالک کے لوگ نقصان اٹھائیں گے۔
ساتھ ہی انہوں نے بھارتی میڈیا کو ذمہ دارانہ انداز اپنانے کا مشورہ بھی دیا۔
اداکار کے اس دو ٹوک مؤقف پر سوشل میڈیاصارفین انہیں سراہتے ہوئے نظر آئے، ایک صارف نے لکھا کہ 'پہلی بار کسی اداکار نے کوئی کام کا تبصرہ کیا'۔
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ 'شکر ہے کسی کے منہ سے یہ الفاظ سننے کو ملے، ورنہ اپنی عزت خراب ہونے کا افسوس کسی پاکستانی سیلبریٹی کو نہیں ہورہا تھا'۔
ایک تیسرے صارف کا کہنا تھا کہ 'اسی لیے مجھے عروہ اور فرحان پسند ہیں، ان کے بھارت میں بھی دوست ہیں لیکن اس کے باوجود وہ اپنا مؤقف رکھتے ہیں'۔