تازہ ترین

ایشوریا رائے کی کانز سے ان دیکھی جھلکیاں وائرل


بالی وڈ اور ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کی صف اول کی اداکارہ اور 1994 کی مس ورلڈ، ایشوریا رائے بچن نے دنیا کے سب سے بڑے فلم فیسٹیول کانز میں اپنے حسن کے جلوے بکھیرنے کے بعد جہاں ممبئی واپسی کرلی ہے وہیں مزید ان دیکھی جھلکیوں سے ایک بار پھر مرکز نگاہ بنی نظر آرہی ہیں۔

اداکارہ و مس ورلڈ ایشوریا رائے نے کانز فلم فیسٹیول کے 78ویں ایڈیشن سے  اپنی چوتھی پوسٹ شیئر کر دی ہے جسے دیکھنے کے بعد ہر بار کی طرح اس بار بھی مداح اُن کے انداز کے دیوانے ہو گئے ہیں۔

اس فیسٹیول میں جہاں ہالی وڈ کے فنکار چھائے رہے وہیں بالی وڈ کے مشہور چہرے بھی نظر آئے جن میں شاہ رخ خان، کیارا اڈوانی، اروشی روٹیلا، ادیتی راؤ حیدری، ایشان کھتر اور جھانوی کپور شامل ہیں۔

ایسے میں ایشوریا رائے  سندور بھری مانگ کیساتھ کانز میں جلوہ گر ہوئی اور تمام حسیناؤں پر اپنے نازو انداز سے بازی لے گئیں۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر کم نظر آنے والی ایشوریا نے اس بار سب کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا جب انہوں نے  اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ریڈ کارپٹ سے کچھ ان دیکھی تصاویر شیئر کیں۔

یہ جھلکیاں ان کے اُس لمحے کو قید کرتی ہیں جب وہ لوریل پیرس کے ساتھ اپنے طویل وابستگی کی نمائندگی کرتے ہوئےریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوئیں۔

مذکورہ جھلکیوں میں ایشوریا رائےایک سیاہ رنگ کا باڈی ہگنگ گاؤن میں ملبوس ہیں جس پر نفیس سیکوئن ورک کیا گیا تھا، اور وہ ہر لحاظ سے ایک شو اسٹاپر لگ رہی تھیں۔

انہوں نے اپنا لک مکمل کیا ایک بیج رنگ کی ڈرامائی جیکٹ اسٹائل ڈریپ کے ساتھ، جو زمین تک پھیلا ہوا تھا۔ یہ لباس ’گورو گپتا’ کے خصوصی کوچر کلیکشن کا حصہ تھا، جس نے ان کے لک کو شاہانہ انداز عطا کیا۔

اداکارہ کے اس شان و شوکت بھرے ناز و انداز کو دیکھنے کے بعد انکی یہ جھلکیاں نہ صرف اداکارہ کی خوبصورتی اور وقار کی عکاسی کرتی ہیں، بلکہ یہ بھی ثابت کرتی ہیں کہ وہ آج بھی عالمی فیشن اور گلیمر کی دنیا میں اپنی ایک منفرد جگہ رکھتی ہیں۔ کیونکہ ایشوریا رائے بچن کے لباس میں نفاست اور روایت کا ایک خوبصورت امتزاج دیکھنے کو ملا۔ ان کے لباس کی خاص بات وہ کپ اسٹائل کی چادر تھی، جس پر بھگوت گیتا کا مشہور سنسکرت شلوک کندہ تھا جسکا ترجمعہ تھا کہ،’تمہیں صرف عمل کرنے کا حق ہے، نتائج پر نہیں’۔ اس لباس کے ساتھ اداکارہ نے چمپیئن گولڈ رنگ کی شال کا بھی اضافہ کیا تھا جو انہیں ایک ڈرامائی حسن عطا کر رہا تھاساتھ ہی اپنے لُک کو مکمل کرنے کیلئے اداکارہ کے بالوں کو سائیڈ پارٹڈ سافٹ ویوز میں اسٹائل کیا گیا تھا، جس سے ان کی خوبصورتی مزید نکھر کر سامنے آئی۔ میک اپ میں انہوں نے اپنی پہچان بن چکی ’بولڈ ریڈ لپ اسٹک’ اور ’اسموکی آئی میک اپ کا انتخاب کیا۔ حالانکہ ان سب کیساتھ ایشوریا رائے نے نہایت کم زیورات پہنے، لیکن ان کی ایک بڑی ہیرے کی انگوٹھی نے مکمل لک کو چار چاند لگا دیے۔ جیسے ہی ان کی تصاویر انسٹاگرام پر آئیں، مداحوں نے تعریفوں کے انبار لگا دیے۔ کسی نے انہیں کانز کی ابدی ملکہ کہا تو کوئی بولا ان کا کوئی نعم البدل نہیں ہو سکتا۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس سال ایشوریہ رائے بچن نے ہیلن میرن اور کارا ڈیلیوین جیسی عالمی شخصیات کے ساتھ ریڈ کارپٹ پر واک کی۔