
'پیکی بلائنڈرز' میں پہنے گئے ملبوسات لاکھوں روپے میں نیلام
مقبول ترین برطانوی ٹی وی سیریز 'پیکی بلائنڈرز' میں استعمال ہونے والے نایاب ملبوسات کروڑوں روپے میں نیلام کردیے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس نیلامی کے ذریعے 19 ہزار پاؤنڈ کی خطیر رقم جمع کی گئی جوکہ کینسر کے مریضوں کے علاج کے لیے مختص کی گئی ہے۔
اس خیراتی نیلامی میں سیریز کے مرکزی کردار 'ٹومی شیلبی' کے اداکار سیلیئن مرفی کے پہنے ہوئے متعدد سوٹس اور دیگر مشہور کرداروں کے ملبوسات شامل تھے۔
نیلامی میں شامل چند نمایاں اشیاء درج ذیل ہیں:
سیزن 6 کے آخری ایپی سوڈ میں پہنا گیا گرے تھری پیس سوٹ
سیلیئن مرفی کا یہ کلاسیکی اسٹائل کا سوٹ 1,650 پاؤنڈ میں نیلام ہوا، اس سوٹ کی خاص بات یہ تھی کہ اس کی جیب میں ایک ہاتھ سے لکھا ہوا نوٹ بھی موجود تھا جس میں لکھا تھا "Takes off ring"
ٹومی شیلبی کا ایک اور اون کا تھری پیس سوٹ
یہ سوٹ، جس پر لیبل چسپاں تھا "Tommy suit C"، سب سے زیادہ مہنگا، یعنی لگ بھگ 3 ہزار پاؤنڈ میں فروخت ہوا۔
اداکار سیم کلفلن کی پہنی ہوئی ٹوپی
سیم کلفلن نے یہ ٹوپی فاشسٹ 'ایم پی اوسوالڈ موسلی' کا کردار نبھاتے ہوئے سیزن 5 اور 6 کے دوران پہنی تھی، یہ ٹوپی 180 پاؤنڈ میں نیلام ہوئی۔
ہیلن میککروئی کا پہنا ہوا کوٹ
یہ کوٹ ہیلن میککروئی نے 'پولی گرے' کا کردار نبھاتے ہوئے سیزن 3 کے چوتھے ایپی سوڈ میں پہنا تھا، جو 650 پاؤنڈ میں فروخت ہوا۔
ٹومی شیلبی کا شادی کا سوٹ
یہ سوٹ 1,600 پاؤنڈ میں خریدا گیا جوکہ سیزن 3 کی ایپی سوڈ 1 میں پہنا گیا تھا۔
ایسمی شیلبی کی کشیدہ کاری والی جیکٹ
یہ جیکٹ اداکارہ ایمی فیون ایڈورڈز نے سیزن 6 میں ایسمی شیلبی کا کردار نبھاتے ہوئے پہنی تھی، جو 240 پاؤنڈ میں نیلام ہوئی۔
اس کے علاوہ دیگر کئی ملبوسات، ٹوپیاں، جوتے، ٹائیاں اور کپڑے بھی نیلام کیے گئے، جو سیریز کے مختلف کرداروں نے استعمال کیے تھے۔
یہ نیلامی 'او میگا آکشنز' کی جانب سے 22 اپریل سے 20 مئی تک جاری رہی، جس کا اختتامی ایونٹ مانچسٹر کی پیٹر اسٹریٹ پر واقع Peaky Blinders بار میں منعقد ہوا، اختتامی تقریب میں ملبوسات کی نمائش اور لائیو نیلامی کا اہتمام بھی کیا گیا۔
اس نیلامی سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی 'دی کرسٹی چیریٹی' کو دی گئی، یہ ادارہ مانچسٹر کے 'کرسٹی این ایچ ایس فاؤنڈیشن ٹرسٹ' میں کینسر کے مریضوں کی نگہداشت اور تحقیق کے لیے کام کر رہا ہے۔
پیکی بلائنڈرز؛ ایک عہد ساز سیریز
مقبول سیریز 'پیکی بلائنڈرز' کے مرکزی کردار سیلیئن مرفی جلد ہی ٹومی شیلبی کے کردار میں دوبارہ جلوہ گر ہوں گے، کیونکہ سیریز کی بےپناہ مقبولیت کے بعد اب اس پر ایک فلم بھی بنائی جا رہی ہے جو اس کہانی کو آگے بڑھائے گی۔
یہ فلم Peaky Blinders کے خالق اور مصنف اسٹیون نائٹ کے قلم سے لکھی گئی ہے اور رواں سال اسکی ریلیز متوقع ہے۔
2013 سے 2022 تک جاری رہنے والی اس سیریز نے پہلی جنگ عظیم کے بعد کے دور میں فاشزم، آئرش قوم پرستی اور کمیونسٹ تحریکوں جیسے موضوعات کے ساتھ ساتھ شیلبی خاندان کے سیاسی عروج کو بھی مؤثر انداز میں پیش کیا۔
یہ نیلامی اس بات کی علامت ہے کہ پیکی بلائنڈرز نہ صرف ایک مقبول سیریز رہی بلکہ اس کے کرداروں اور انکے ملبوسات سے مداح آج بھی گہری جذباتی وابستگی رکھتے ہیں۔