
پریتی زنٹا کی ٹیم کا ناقابلِ یقین ریکارڈ، میچ سے قبل چاہل سے کیا بات ہوئی؟ پونٹنگ کا انکشاف
بالی وڈ اداکارہ پریتی زنٹا کی کرکٹ ٹیم پنجاب کنگز نے انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل) 2025 میں نئی تاریخ رقم کردی جس کے سوشل میڈیا سمیت دنیا بھر میں چرچے ہورہے ہیں۔
پنجاب کنگز نے شاہ رخ خان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈر کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے کر آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے کم اسکور کا کامیابی سے دفاع کرنے کا نیا ریکارڈ بنایا۔
ملانپور میں کھیلے گئے میچ میں پنجاب کنگز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 16ویں اوور میں صرف 111 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔
دلچسپ بات یہ تھی کہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے لیے 112 رنز کا ہدف بظاہر کافی آسان لگ رہا تھا لیکن پنجاب کنگز کے بولرز نے اسے ناممکن بنا دیا۔
112 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پنجاب کنگز کے بولرز نے شاندار بولنگ کی اورکولکتہ نائٹ رائیڈرز کی پوری ٹیم کو 16 ویں اوور میں صرف 95 رنز پر ڈھیرکر دیا۔
پنجاب کنگز کے بولر یوزویندر سنگھ چاہل نے زبردست اسپیل کیا جنہوں نے 28 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس کے علاوہ مارکو جینسن نے 17 رنز دے کر 3 کھلاڑی پویلین لوٹائے۔
کوچ رکی پونٹنگ کا چاہل سے متعلق انکشاف
میچ کے بعد انٹرویو کے دوران پونٹنگ نے انکشاف کیا کہ میچ سے پہلے چاہل کو سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف میچ میں کندھے پر چوٹ لگنے کے بعد فٹنس ٹیسٹ سے گزرنا پڑا۔
کوچ رکی پونٹنگ نے بتایا کہ 'آج کھیل سے پہلے اس (چاہل) کا فٹنس ٹیسٹ تھا جس کے کندھے پر چوٹ لگی ہوئی تھی، میں نے اس سے وارم اپ سے قبل بات کی اور آنکھوں میں دیکھتے ہوئے پوچھا کیا تم ٹھیک ہو؟ جواب میں چاہل نے کہا کوچ میں 100 فیصد ٹھیک ہوں، مجھے وہیں رہنے دو اور کھیلنے دو، واقعی یوزویندر چاہل کا اسپیل جادوئی تھا۔
رکی پونٹنگ نے کہا 'یہ میچ اگر ہم ہار بھی جاتے تو کوئی دکھ نہ ہوتا، مانا کہ ہماری بیٹنگ بہت خراب تھی لیکن ہماری بولنگ کا اس میچ میں جواب نہیں'۔