تازہ ترین

پسند کی شادی کی پر چل نہ سکی، دانیہ انور


اداکارہ و ماڈل دانیہ انور نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی پہلی شادی طلاق پر نہیں بلکہ خلع پر ختم ہوئی، جو انہوں نے رشتے کو بچانے کی ہر ممکن کوشش ناکام ہونے کے بعد لی۔

حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کرتے ہوئے دانیہ انور نے اپنی ذاتی زندگی کے کئی اہم پہلوؤں پر گفتگو کی، جس میں ان کی پہلی شادی، اس کی ناکامی، والدین کی حمایت، اور شوبز میں واپسی سمیت دوسری شادی کا تذکرہ بھی شامل تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی پیدائش اسلام آباد میں ہوئی، تاہم پرورش کراچی میں ہوئی جہاں سے انہوں نے فنون لطیفہ کی دنیا میں قدم رکھا۔

 ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کے خاندان کا کوئی فرد شوبز سے وابستہ نہیں، تاہم ان کے والدین، نانا اور دادا کے خاندان کو فنون سے گہرا لگاؤ تھا۔ ان کی والدہ چاہتی تھیں کہ ان کی بیٹی گلوکارہ یا اداکارہ بنے، اور اسی خواہش کے تحت انہیں بچپن میں ہی اشتہارات میں متعارف کروایا گیا۔

دانیہ نے بتایا کہ چھ سال کی عمر میں والدین کی خواہش پر انہوں نے چند اشتہارات میں کام کیا، تاہم باقاعدہ اداکاری کا آغاز پہلی شادی کے اختتام کے بعد کیا۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے انیس سال کی عمر میں اپنی پسند سے شادی کی، والدین نے روکا، لیکن ان کے اصرار پر وہ مان گئے۔

 یہ رشتہ چند سال تک چلا، مگر شدید گھریلو تشدد اور ناچاقیوں نے اس بندھن کو ناقابلِ برداشت بنا دیا۔ دانیہ نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے رشتہ بچانے کی ہر ممکن کوشش کی، لیکن حالات نہ سدھرے تو انہوں نے والدہ کے مشورے پر خلع لے لی۔

اداکارہ نے کہا کہ خلع کے بعد والدین نے ان پر دوبارہ شادی کے لیے کوئی دباؤ نہیں ڈالا، بلکہ انہیں بھرپور سپورٹ کیا، خاص طور پر ان کی والدہ نے حوصلہ دیا کہ وہ دوبارہ اپنی زندگی سنواریں۔ اسی حوصلہ افزائی کے سبب انہوں نے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا۔

دانیہ انور کے مطابق کچھ عرصے بعد انہوں نے دوسری شادی کی، اور پہلی شادی سے ہونے والے دونوں بچے ان کے ساتھ ہی رہتے ہیں۔

 ان کے موجودہ شوہر، جو شوبز سے وابستہ ہیں، نہ صرف ان کے کیریئر کو سمجھتے ہیں بلکہ ان کے بچوں کا بھی بھرپور خیال رکھتے ہیں۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ دانیہ انور نے ماضی کے معروف اداکار ندیم کے صاحبزادے سے دوسری شادی کی ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب وہ زندگی میں اطمینان محسوس کرتی ہیں اور اپنے کیریئر اور خاندان دونوں کو متوازن طریقے سے آگے بڑھا رہی ہیں۔