
سحر ہاشمی کا محبت میں دھوکہ کھانے کا انکشاف
پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ سحر ہاشمی نے محبت میں دھوکہ ملنے کا سنسنی خیز انکشاف کردیا۔
سحر ہاشمی ان ابھرتے ہوئے ستاروں میں سے ایک ہیں جو نہ صرف خوبصورتی کے سبب ایک مقام بنارہی ہیں بلکہ فنی صلاحیتوں سے بھی دن دگنی رات چگنی ترقی کررہی ہیں۔
ان دنوں جیو انٹرٹینمنٹ کی ڈرامہ سیریل ’من مست ملنگ‘ میں دانش تیمور کے ساتھ مرکزی کردار میں جلوہ گر ہیں۔یہ ڈرامہ ناظرین میں بے حد مقبول ہو رہا ہے، جس کے ساتھ ہی سحر ہاشمی کی شہرت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
لیکن کیا کوئی یہ سوچ سکتا ہے کہ خوبصورتی میں اپنی مثال آپ اداکار ہ بھی محبت میں دھوکہ کھا چکی ہونگی؟
جی ہاں ایسا ہی انکشاف انہوں نے حال ہی میں نجی ٹیلی ویژن کے عید اسپیشل شو میں شرکت کے دوران کیا، اور ساتھ ہی اور اپنے آئیڈیل مرد کے بارے میں کھل کر بات کی۔
دوران انٹرویو میزبان عمران اشرف نے سحر ہاشمی سے سوال کیا کہ کیا کبھی زندگی میں آپکو دھوکہ ملا؟
جسکے جواب میں اداکارہ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ زندگی میں چھوٹے موٹے دھوکے تو ملتے ہی رہتے ہیں ، سحر کے اس انداز پر میزبان نے اداکارہ کے جانب بڑھتے ہوئے دوبارہ سوال کیا کہ کیا اتنے حسین انسان کو بھی دھوکہ مل سکتا ہے؟
جواب میں سحر ہاشمی نے بتایا کہ دھوکے کا تعلق خوبصورتی سے نہیں بلکہ نصیب سے ہوتا ہے، انہوں نے بتایا کہ یہ سب کچھ کالج کے آغاز میں ہوا جب وہ ایک شخص کی محبت میں مبتلا ہوئیں، لیکن اس شخص نے انہیں مسترد کر دیا۔
اداکارہ بتاتی ہیں کہ وہ جس لڑکے کو پسند کرتی تھیں وہ ان سے پانچ چھ سال بڑا تھا اور اس نے اس بنیاد پر رشتہ بنانے سے انکار کر دیا۔
سحر کے مطابق محبت میں انکار سننے کا صدمہ چار سے پانچ سال تک رہا، اور اس دوران انہوں نے کسی اور کے بارے میں سوچا بھی نہیں، اور وہ زندگی میں بہت آگے بڑھ چکی ہوں۔
اسی انٹرویو میں اداکارہ نے اپنے آئیڈیل مرد کی خوبیاں بھی بیان کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کا شریکِ حیات خوبصورت ہو اور ان کا خیال رکھ سکے۔ اداکارہ نے بتایا انہیں جلد غصہ آ جاتا ہے، اس لیے وہ چاہتی ہیں ان کا ساتھی ایسا ہو جو ان کا غصہ برداشت کر سکے۔ انہیں ایسے مرد کی خواہش ہے جس کے بال اچھے ہوں اور اگر وہ ان سے کم کماتا ہو تب بھی کوئی مسئلہ نہیں۔ دوسری جانب انٹرنیٹ پر سحر ہاشمی کی معصومیت اور سچائی کو بہت پسند کیا جا رہا ہے۔ لوگ ان کے تبصروں کو سراہ رہے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ وہ اپنی مسکراہٹ کے پیچھے ابھی بھی اس رد کیے جانے کا درد چھپا رہی ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ لڑکے نے ٹھیک فیصلہ کیا کیونکہ سحر اس وقت بہت کم عمر تھیں۔ سحر کو اس وقت سوشل میڈیا پر بہت محبت اور دعائیں مل رہی ہیں۔