تازہ ترین

حرا مانی غصے میں کیا کرتی ہیں؟


پاکستان کی معروف اداکارہ حرا مانی حالیہ دنوں ایک انٹرویو میں اپنے مزاج سے متعلق گفتگو کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

 یوٹیوب پر نشر ہونے والے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے حرا مانی نے اعتراف کیا کہ وہ فارغ وقت میں اکثر شدید غصے کا اظہار کرتی ہیں، حتیٰ کہ بعض اوقات گھر کے دروازوں کے لاک تک توڑ دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ’جب میں کام میں مصروف ہوتی ہوں تو سب کچھ ٹھیک ہوتا ہے، لیکن جب فارغ ہوتی ہوں تو میرا غصہ حد سے بڑھ جاتا ہے۔ اسی لیے مانی اکثر کہتے ہیں کہ تمہیں مصروف رہنا چاہیے، کیونکہ تم کام کے بغیر عجیب ہو جاتی ہو۔‘

ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے اس رویے کو غیر متوازن اور قابلِ تشویش قرار دیا، اور کہا کہ ایک مشہور شخصیت ہونے کے ناطے حرا مانی کو اپنی گفتگو میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

اداکاری کا سفر اور مقبولیت

حرا مانی کا شمار پاکستان کی اُن چند فنکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے مختصر وقت میں ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی الگ پہچان بنائی۔ انہوں نے میڈیا کی دنیا میں بطور میزبان قدم رکھا، لیکن جلد ہی اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے شروع کیے۔

حرا مانی کے چند نمایاں ڈراموں میں دو بول ،میرے پاس تم ہو ،کشف ،یقین کا سفر،سن یارا ،جان سے پیارا جونی ،سن میرے دل اور ڈائن  جیسے ڈراموں میں اداکاری کرکے ناظرین کو متاثر کیا۔

ان کی فطری اداکاری، جذباتی مناظر میں مہارت اور دلکش انداز نے اُنہیں ٹی وی اسکرین کا مستقل چہرہ بنا دیا ہے۔ ان کے انسٹاگرام پر 88 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، جو اُن کی مقبولیت کی گواہی دیتے ہیں۔

ذاتی زندگی

حرا مانی کی شادی معروف اداکار اور میزبان سلمان شیخ (مانی) سے ہوئی، جن کے ساتھ ان کی جوڑی نہ صرف اسکرین پر بلکہ نجی زندگی میں بھی خوب پسند کی جاتی ہے۔ ان کے دو بیٹے ہیں: مزمل اور ابراہیم، اور وہ اکثر اپنے خاندان کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرتی ہیں۔

حرا مانی نے جہاں اپنی اداکاری کے ذریعے لاکھوں دل جیتے، وہیں ان کے حالیہ بیان نے ایک سنجیدہ مکالمے کو جنم دیا ہےکہ مشہور شخصیات کو اپنے الفاظ کے اثرات کا ادراک ہونا چاہیے۔ ان کے چاہنے والوں کو اُمید ہے کہ وہ مستقبل میں اپنی گفتگو میں مزید سنجیدگی کا مظاہرہ کریں گی، جیسا کہ وہ اپنی اداکاری میں کرتی آئی ہیں۔