واشنگٹن طیارہ حادثہ: ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس مل گیا، حکام حادثے کی وجوہات سے تاحال لاعلم
واشنگٹن میں طیارے اور ہیلی کاپٹر کے حادثے کے دو روز بعد ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس مل گیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن کرنے والے حکام نے تصدیق کی ہےکہ انہیں آرمی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کے کاک پٹ کا وائس ریکارڈر (بلیک باکس) مل گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ریسکیو حکام جائے حادثہ پر تاحال موجود ہیں اور وہ ریسکیو آپریشن کو مزید جاری رکھنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے فضائی حادثے کے بعد اوریگن ائیرپورٹ کے اطراف ہیلی کاپٹرز کی آمدورفت کو محدود کردیا ہے جس کی وجہ ائیراسپیس میں اوور کراؤڈنگ بتائی جارہی ہے۔
رپورٹس کےمطابق جمعہ کے روز41 لاشیں پانی سے نکالی گئیں جن میں سے 28 کی شناخت ہوچکی ہے جب کہ دیگر لاشیں اس وقت تک نہیں نکالی جاسکتیں جب تک حکام جہاز کے ملبے کو پانی سے نہیں ہٹادیتے۔
نیشنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اہلکار کا کہنا ہےکہ انہیں اب تک حادثے کی وجوہات کا پتا نہیں چل سکتا ہے، اس کے لیے انہیں مختلف پہلوؤں پر کام کرنا ہے۔
حکام نے کہا دریا میں غوطہ خوروں کو بھی بھیجا جائے گا جس کے لیے جہاز کے ملبے کو وہاں سے ہٹانا ضروری ہے۔