تازہ ترین

شاہ رخ خان نے ساؤتھ فلم اسٹاروں سے انوکھی درخواست کردی


ساؤتھ کی فلم انڈسٹری بالی وڈ کو اس حد تک ٹکر دینے لگی ہے کہ اب بالی وڈ کے فنکار منت سماجت پر اتر آئے ہیں لیکن اگر مزاح کے پیرائے میں بات کی جائے تو دونوں ہی فلم انڈسٹریز ایک دوسرے کو ٹکر دے رہی ہیں لیکن پھر بھی ساؤتھ انڈسٹری کا زور زیادہ ہے جو پچھلے سال ’پشپا2‘ کی صورت میں سامنے آیا۔

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے اس صورتحال کا ایک عمدہ اور مزاحیہ پیرائے میں بیان کیا،اتوار کے روز دبئی، متحدہ عرب امارات میں گلوبل ولیج میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت شاہ رخ خان نے شرکت کی اور مداحوں کو محظوظ کیا۔

سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں جن میں سے ایک ویڈیو میں وہ جنوبی ہندوستانی اداکاروں کو اپنا بہترین دوست کہتے ہوئے نظر آرہے ہیں اور ساتھ ہی میں ایک ریکوسٹ بھی کررہے ہیں۔

ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ایک مداح کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں شاہ رخ خان کو مسکراتے ہوئے اور شائقین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کیرالہ، تلنگانہ، آندھرا پردیش اور کرناٹک کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے جنوبی ہندوستان سے تعلق رکھنے والے کئی دوست ہیں جن میں اللو ارجن، پربھاس، رام چرن، یش، مہیش بابو، وجے تھلاپتی، رجنی کانت سر، کمل ہاسن سر لیکن میری ان سے ایک درخواست ہے کہ وہ اتنا تیز ناچنا بند کر دیں، میں ان کے ساتھ رقص کرنے میں مشکل محسوس کرتا ہوں۔

شاہ رخ کے ان الفاظ نے مداحوں کو بے حد خوش کر دیا اور ان اداکاروں کے متعدد فین پیجز نے بھی ویڈیو کو شیئر کیا۔

تقریب میں شاہ رخ خان نے اپنی آنے والی فلم "کنگ" کے بارے میں بھی بات کی، جس کی ہدایتکاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں، جو پہلے فلم "پٹھان" بنا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں صرف دبئی میں شوٹنگ نہیں کر رہا بلکہ جب میں واپس جاؤں گا تو ممبئی میں بھی شوٹنگ کروں گا، میرے ڈائریکٹر سدھارتھ آنند بہت سخت ہیں، انہوں نے پٹھان بنائی تھی اس لیے وہ کافی سخت مزاج رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ فلم کے بارے میں زیادہ کچھ نہ بتاؤں لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ فلم آپ کو محظوظ کرے گی اور آپ کو بہت مزہ آئے گا۔

رپورٹس کے مطابق، فلم "کنگ" میں شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان اور ابھیشیک بچن بھی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے، تاہم فلم کے پروڈیوسرز نے ابھی تک اس پراجیکٹ اور کاسٹ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے، شاہ رخ خان آخری بار  2023 کی فلم "ڈنکی" میں نظر آئے تھے۔