تازہ ترین

فیروز خان کی والدہ سجل علی کیساتھ بیٹے کے تعلق پر بول پڑیں


فیروز خان کا شمار پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے بڑے اداکاروں میں ہوتا ہے، ان کی بہت بڑی فین فالوونگ ہے اور شوبز انڈسٹری سے ان کے خاندان کی وابستگی کی وجہ سے ان کی نجی زندگی بھی عوامی گفتگو کا موضوع بنی رہتی ہے۔

ماضی میں فیروز خان اور سجل علی کی جوڑی کافی مشہور رہی ہے، دونوں نے ایک ساتھ کئی پراجیکٹس پر کام کیا اور مداح انہیں ایک ساتھ بہت پسند کرتے تھے۔ تاہم یہ جوڑی زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکی اور اعلانیہ طور پر ایک ساتھ ہونے کا اقرار کرنے سے قبل ہی یہ دونوں علیحدہ ہوگئے اور دوبارہ کبھی کسی پراجیکٹ میں بھی ساتھ نظر نہ آئے۔ مذکورہ انٹرویو میں فیروز خان کی والدہ نے ان افواہوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 'ہاں سجل اور فیروز ساتھ تھے اور سجل بہت اچھی لڑکی ہے، لیکن اُن کا ساتھ نصیب میں نہیں تھا اور پھر وہ دونوں علیحدہ ہو گئے مگر وہ بہت اچھی لڑکی ہے'۔ 'بیٹے کی سابقہ اہلیہ نے تشدد کے جھوٹے الزامات لگائے' اداکارہ کی والدہ نے بیٹے کی طلاق پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے پر سابقہ اہلیہ کیجانب سے لگائے گئے تشدد کے الزامات بے بنیاد ہیں، وہ باتیں سامنے لانا چاہیں تو بہت ساری باتیں ہیں لیکن وہ کچھ نہیں کہنا چاہتیں۔انہوں نے سابق بہو علیزہ سلطان کا نام لیے بغیر کہا کہ سماج میں ویسے بھی عورت کی بات کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے، ایسا سمجھا جاتا ہے کہ مرد پتھر کا بنا ہوتا ہے، وہ لوہے کا ہوتا ہے، اسے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ فیروز خان والدہ نے مزید کہا کہ بہت سارے مرد غصہ والے ہوتے ہیں، وہ تیز آواز میں بات کرنے کے عادی ہوتے ہیں لیکن تیز آواز میں بات کرنے کا مطلب تشدد نہیں ہوتا۔ انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ فیروز خان کی طلاق جوائنٹ فیملی کی وجہ سے ہوئی، جہاں فیروز خان کی بہنوں اور والدہ کی زیادہ بات مانی جاتی تھی۔ 'بیٹے کی طلاق کے وقت عورت کارڈ چل رہا تھا' فیروز خان کی والدہ نے کہا کہ بیٹے کی طلاق کے وقت عورت کارڈ چل رہا تھا، ہر کوئی ان کے بیٹے پر الزام لگا رہا تھا، کسی نے ان کے بیٹے کا ساتھ نہیں دیا، کسی نے بھی ان کے حق میں ایک لفظ نہیں بولا۔انہوں نے کہا کہ انہیں شوبز انڈسٹری کے بہت سارے افراد سے امیدیں تھیں لیکن توقعات کے برعکس کسی نے بھی ان کے حق میں بات نہیں کی، انہوں نے بہت مشکل وقت دیکھا۔ ایک اور سوال کے جواب میں فیروز خان کی والدہ نے اعتراف کیا کہ اُن سمیت ان کے تمام اہلخانہ کو یہ خوف ہوگیا تھا کہ فیروز خان کا کیریئر ختم ہوگیا لیکن خدا نے ان کے لیے راستے کھولے اور مشکل وقت گزر گیا۔ واضح رہے کہ سجل علی اور فیروز خان ڈراما ’چپ رہو‘ ، ’گُلِ رعنا‘ اور فلم ’زندگی کتنی حسین ہے‘ میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں اور ناظرین کے دلوں پر یہ جوڑی راج کرتی رہی ہے، حقیقی زندگی میں بھی دونوں کے تعلق کے چرچے رہے لیکن پھر دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی اور ’زندگی کتنی حسین ہے‘ کہ بعد دونوں نے کبھی ایک ساتھ کام نہیں کیا۔