تازہ ترین

سونو نگم نے اے آر رحمان اور پریتم کے درمیان فرق بتا دیا


مایہ نار بھارتی گلوکار سونونگم کو "گولڈن سنگر" کے نام سے جانا جاتا ہے، انہوں نے اپنی دلکش آواز سے کئی دہائیوں تک سامعین کو محظوظ کیا ہے۔

حال ہی میں انہوں نے میوزک انڈسٹری کے باصلاحیت کمپوزر اے آر رحمان اور پریتم کے ساتھ کام کرنے کے تجربے سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے۔

ایک انٹرویو میں سونو نگم نے انکشاف کیا کہ اکیڈمی ایوارڈ یافتہ اے آر رحمان گلوکاروں کو مکمل آزادی دیتے ہیں اور کم سے کم مداخلت کرتے ہیں، جبکہ نیشنل ایوارڈ یافتہ پریتم بہت زیادہ تفصیلات میں جاتے ہیں اور ہر چھوٹی بات میں شامل ہوجاتے ہیں۔

سونو نگم کا کہنا تھا کہ پریتم کا تعلق ایک مختلف سوچ سے ہے، وہ ہر چیز کی باریکی میں جاتےہیں لیکن وہ غلط بھی نہیں ہیں، ہر کسی کا اپنا انداز ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ میں نے پریتم سے کہا تھا کہ آپ اے آر رحمان کے بالکل برعکس ہیں، میں نے ان سے کہا کہ اے آر رحمان اتنے مشہور کمپوزر ہیں اور وہ کسی کو تنگ نہیں کرتے اور آپ ہر چھوٹی بات میں الجھ جاتے ہیں، شاید وہ اس وقت اس بات سے ناراض ہوئے تھے لیکن میں نے وہی کہا جو میں محسوس کر رہا تھا۔

گلوکارسونو نگم نے ذکر کیا کہ اے آر رحمان فنکاروں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں اور صرف کہتے ہیں "ٹھیک ہے، ہو گیا۔" 

انہوں نے مزید کہا کہ ہر گلوکار یہ کہے گا کہ آر رحمان کسی گلوکار کو تنگ نہیں کرتے۔ یہی ان کی خاصیت ہے۔

سونو نگم اور اے آر رحمان نے کئی بار مل کر کام کیا ہے اور سامعین کو یادگار گانے دیے ہیں، جن میں "سترنگی رے" اور "ساتھیا" کا ٹائٹل ٹریک شامل ہیں۔ 

دوسری جانب پریتم نے سونو نگم کے ساتھ "اللہ معاف کرے" اور "تیرے بن" جیسے گانوں پر کام کیا ہے۔