بھول بھلیا فرنچائز سے نکالے جانے پر اکشے کمار پھٹ پڑے
بالی وڈ سپر اسٹار اکشے کمار نے بالآخر ہدایت کار انیس بزمی کی فلم ‘بھول بھلیا‘ کے سیکوئلز میں اپنی غیر حاضری پر لب کشائی کردی۔
اپنی پہلی فلم کے بعد بھول بھولیا فرنچائز میں دوبارہ واپس نہ آنے کے سوال پر بالآخر ردعمل دیتے ہوئے اکشے نے ایک تقریب کے دوران مداحوں سے بڑا انکشاف کردیا۔
میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں اداکار اکشے کمار کا کہنا تھا انہوں نے فلم بھول بھلیا سے کنارہ کشی نہیں کی بلکہ انہیں فرنچائز سے نکال دیا گیا تھا اور اسی وجہ سے وہ فلم بھول بھلیا کے سیکوئل اور تھریکوئل کا حصہ نہیں تھے۔
انٹرویو کے دوران ایک پرستار نے سوال کیا کہ‘ بھول بھولیا میری فیورٹ فلم تھی مگر میں نے اس فرنچائز کی دوسری اور تیسری فلم نہیں دیکھی کیونکہ اکشے کمار اس کا حصہ نہیں تھے، آپ نے اِس فرنچائز میں اپنے کردار کو جاری کیوں نہیں رکھا ؟‘ سوال کے جواب میں اداکار اکشے کمار نے انتہائی صاف گوئی سے اپنا اسٹیٹمنٹ ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا کہ ‘میں فلم میں اس لیے نہیں تھا کیونکہ مجھے فلم سےنکل دیا گیا تھا‘۔اکشے کمار کی جانب سے دیے جانے والے جواب پر حاضرین کی جانب سے قہقہے بلند کرنے پر مداح نے پھر سے سوال کو جاری کیا تو اکشے نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ‘بیٹا، مجھے نکال دیا تھا، بس اور اب میں اس موضوع پر مزید تبصرہ نہیں کرسکتا‘۔ واضح رہے کہ 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘بھول بھلیا‘ میں اکشے کمار نے ماہر نفسیات آدتیہ اور ودیا بالن نے منجولکا کا کردار ادا کیا یہ فلم باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھی۔ تاہم سال 2022 میں، بھول بھولیا 2 کے ساتھ فرنچائز واپس آئی لیکن اس بار اکشے کی جگہ اداکار کارتک آریان نے لے لی۔ فلم نے باکس آفس پر کامیابی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے، یہ فلم اداکار کارتک آریان کی اب تک کی سب سے بڑی ہٹ فلم ہے۔