پوجا ہیگڑے کی ’اینیمل’ پر کڑی تنقید؟
بالی وڈ اداکارہ پوجا ہیگڑے نے ’الفا میل’ کی مثال دیتے ہوئے رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل’ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنادیا۔
شاہد کپور کی ایکشن تھرلر فلم ’دیوا’ کا ٹریلر گزشتہ روز ریلیز ہوا جس میں اداکار شاہد کپور اور پوجا ہیگڑے کو مرکزی کردار میں دیکھا گیا۔اس سے قبل اداکارہ پوجا سلمان خان کی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان’ میں اداکاری کے جوہر بکھیرتی نظر آئیں تھیں۔
اب تقریباً دو سال بعد ناظرین اداکارہ پوجا کو تفتیشی صحافی کے کردار میں دیکھیں گے اس حوالے سے فلم کے ٹریلر کی لانچنگ تقریب ممبئی میں منعقد ہوئی جہاں شاہد کپور اور پوجا ہیگڑے نے میڈیا کے کئی سوالات کے جوابات دیے۔
دیوا میں اپنے کردار پر پوجا ہیگڑے کا تبصرہ:
بلاشبہ ’اینیمل’ متنازع کہانی اور ڈائیلاگز کی سبب کافی زیر بحث فلم رہی۔ اس پر شدید ردعمل سامنے آیا، کچھ لوگوں نے اسے پسند کیا اور کچھ نے ناپسند کیا۔
جن لوگوں کو یہ فلم پسند نہیں آئی انہوں نے اسے خواتین مخالف اور 'الفا میل' کرداروں کے غلبے والی کہانی قرار دیاتھا۔
اسی موضوع پر بات کرتے ہوئے ’دیوا’ کے ٹریلر ایونٹ کے دوران پوجا ہیگڑے نے اپنے کردار کے بارے میں بات کی اور 'الفا میلز' پر طنز کیا۔
پوجا ہیگڑے کا فلم ’دیوا’ میں اپنے کردار ’دییا’ کے حوالے سے کہنا تھا کہ ،’دییا دیو کے کردار کے لیے بہترین 'ٹکر' ہے۔’کیونکہ آپ نے کئی بار الفا میل دیکھا ہوگا، لیکن اب میرا خیال ہے کہ الفا فیمیل کو دیکھنے کا وقت آ گیا ہے۔’
اداکارہ کا کہنا تھا کہ،’ کیونکہ دییا اپنی بات کہنے سے نہیں ڈرتی، وہ اپنے جذبات کا اظہار کرنے سے نہیں گھبراتی۔ وہ آرٹیکل جس پر دیو سے سوال کیا جا رہا ہے، اس میں 'پولیس یا مافیا' کی لائن دییا نے لکھی ہے کیونکہ وہ اس کیس کی تحقیقات کرنے والی صحافی ہے۔’
واضح رہے کہ فلم ’دیوا’، جس کی ہدایتکاری روشن اینڈریوز نے کی ہے اس میں کبرا سیٹ اور پویل گلانی بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ یہ ایکشن ڈرامہ 31 جنوری 2025 کو سینما گھروں میں ریلیز کے لیے تیار ہے۔