تازہ ترین

میں جلد واپس آؤنگی، صبا قمر کا ‘بریک‘ کا اعلان


پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے اپنے چاہنے والوں کے نام طویل نوٹ لکھتے ہوئے کچھ مدت کیلئے منظرِ عام سے غائب ہونے کا اعلان کردیا۔مقبول ترین ڈرامہ ’چیخ‘ میں اپنی بہترین اداکاری سے جان ڈالنے والی اداکارہ صبا قمر کا شمار اے لسٹ حسیناؤں میں کیا جاتا ہے، انہوں نے نہ صرف اپنی اداکاری سے مداحوں کے دلوں میں گھر کیا بلکہ اسی کے ساتھ انکا منفرد انداز گفتگو اور رہن سہن کا طریقہ بھی انہیں ایک انفرادی پہچان دلواتا ہے

فلم ’کملی’ اور ’لاہور سے آگے’ کی اداکارہ صبا قمر بلاشبہ ان ستاروں کی فہرست میں شامل ہیں جو ٹیلی ویژن اسکرین پر آنے پر نہ صرف محبت اکٹھا کرتے ہیں بلکہ ناظرین کو سینما گھروں کی طرف راغب کرنے کا بھی انتظام کرتے ہیں۔

صبا قمر اداکاری کی دنیا میں کامیابی کے ساتھ ساتھ اہنے فینز کے دلوں کو جیتنے کا کوئی موقع نہیں جانے دیتیں اور اس کے لیے وہ سوشل میڈیا پلیت فارمز کے ذریعے ان سے رابطے میں رہتی ہیں۔

صبا قمر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے سوشل میڈیا پر متحرک نہ رہنے کی وجہ سے پردہ ہٹا دیا۔

اسکرین گریب

اسکرین گریب

صبا قمر نے لکھا کہ 'میرے ان تمام فینز کیلئے جو میرے لیے فکرمند ہیں، میں ان سب کی محبت اور فکرمند ہونے پر شکرگزار ہوں، مجھے معلوم ہے کہ میں زیادہ پوسٹ شیئرنگ نہیں کر رہی اور نہ اسٹوریز شیئر کر پارہی ہوں لیکن وہ سب جو اس کے باوجود میری خبر گیری کر رہے ہیں میں انکی محبت کو سرہاتی ہوں'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'کبھی کبھار زندگی میں آپ کو اپنے قدم پیچھے ہٹانے پڑتے ہیں اور خاموشی اختیار کرنی ہوتی ہے اور خود کو وہ وقت دینا ہوتا ہے جس میں آپ ٹھیک ہوسکیں، زخم بھر سکیں، اور یہ وہی وقت چل رہا ہے، میں ٹھیک ہوں اس لیے میرے لیے فکرمند نہ ہوں'۔

صبا قمر نے یہ بھی لکھا کہ 'میرا وعدہ ہے کہ یہ بس کچھ دیر کا وقفہ ہے اور کسی چیز کا اختتام ہرگز نہیں، ایک سب سے روشن ستارے کو بھی کچھ وقت اپنی روشنی ماند کر کے آرام کرنا ہوتا ہے تاکہ پھر وہ سب سے زیادہ چمک سکے، میں جلد واپس آؤنگی، پوری پُرجوشی اور مثبتیت کے ساتھ، مجھے انتظار ہے جلد نئے خوبصورت لمحات آپ سب کے ساتھ شیئر کرنے کا، تب تک اپنا خیال رکھیں اور مسکراتے رہیں'۔

صبا قمر کا یہ پیغام پڑھ کر ان کے فینز اس سبب کو جاننے کیلئے متجسس ہیں جسکی وجہ سے اداکارہ سوشل میڈیا سے دوری اختیار کر بیٹھی ہیں۔