اکشے کمار کی 'ہیراپھیری' کے سیکوئل سے متعلق خوشخبری
بالی وڈ سپر اسٹار اکشے کمار نے اپنی دھوم مچانے والی کامیڈی فلم ‘ہیراپھیری‘ کے دوسرے سیکوئل کے حوالے سے ایک دلچسپ اپ ڈیٹ شیئر کی ہے، جس کا شائقین کو بے تابی سے انتظار ہے۔
مشہور فرنچائز کے شائقین یہ سن کر بہت خوش ہوں گے کہ اداکار بھی فلم کے حوالے سے اتنے ہی بے چین ہیں جتنے کہ وہ اس پروجیکٹ کے شروع ہونے کے لیے ہیں۔
انٹرویو میں اکشے کمار نے کہا کہ 'شائقین کی طرح میں بھی ہیرا پھیری 3 شروع کرنے کا انتظار کر رہا ہوں، مجھے معلوم نہیں لیکن اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو یہ اس سال شروع ہو جائے گی'۔
اگرچہ فلم کے حوالے سے یہ ٹائم لائن عارضی ہے لیکن اداکار کے جوش نے فلم سے وابستہ امیدوں کو پھر سے بڑھا دیا ہے۔
‘ہیرا پھیری‘ فرنچائز کو ملنے والے پسندیدگی کے حوالے سے اکشے نے اعتراف کیا کہ انہیں اس کی بڑی کامیابی کا اندازہ نہیں تھا۔
اکشے کا کہنا تھا کہ 'جب ہم نے ہیرا پھیری شروع کی، تو ہمیں نہیں معلوم تھا کہ یہ اتنی زیادہ پسند کی جانے والی فلم بن جائے گی'۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ 'جب میں نے فلم دیکھی تو مجھے اس کی سمجھ نہیں آئی لیکن ہاں یہ کافی مزاحیہ ضرور تھی لیکن ہم میں سے کسی کو یہ توقع نہیں تھی کہ بابو بھیا، راجو اور شیام کے کردار ایک کلٹ بن جائیں گے'۔
دورانِ گفتگو اکشے نے اپنے ساتھی اداکار پریش راول کی تعریف بھی کی اور ایک مزاحیہ قصہ شیئر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ 'ہم ابھی جے پور میں فلم 'بھوت بنگلہ' کی شوٹنگ کر رہے تھے اور میں نے ان کے ساتھ بہت انجوائے کیا، ہیرا پھیری کے دوران بھی ہم نے بہت انجوائے کیا لیکن کچھ چیزیں ایسی ہیں جو کیمرے پر نہیں کہی جا سکتیں'۔
خیال رہے کہ ہیرا پھیری سیریز کا آغاز 2000 میں پریا درشن کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم سے ہوا، جس نے ناظرین کو تینوں مرکزی کرداروں بابو بھیا (پریش راول)، راجو (اکشے کمار) اور شیام (سنیل شیٹی) کی مزاحیہ حرکات سے متعارف کرایا۔
اس کامیڈی فلم کے منفرد مزاح اور یادگار مکالموں نے اسے بہت جلد مداحوں کا پسندیدہ بنا دیا۔
اس فلم کا سیکوئل 2006 میں 'پھر ہیرا پھیری' کے نام سے بنایا گیا جس کی ہدایت کاری نیرج وورا نے کی، اور اس نے بالی وڈ کی سب سے پسندیدہ کامیڈی فرنچائزز میں سے ایک کے طور پر اپنی میراث کو مزید مضبوط کیا۔
خیال رہے کہ فی الوقت اکشے کمار 'اسکائی فورس' کی ریلیز کی تیاری کر رہے ہیں، جو 24 جنوری کو سینما گھروں کی زینت بنے گی، فلم میں ویر پہاڑیا، سارہ علی خان، اور نمرت کور بھی اہم کرداروں میں ہیں۔