’سانس رک گیا’، زینت امان کیلئے بلڈ پریشر کی دوا مشکل کا سبب بن گئی
بالی وڈ کی دنیا میں گلیمر کا آتش فشاں مانی جانے والی معروف اداکارہ زینت امان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں حال ہی میں ایک دوا کے استعمال سے صحت کے سنگین مسائل کا سامنا کرناپڑا۔
زینت امان اکثر انسٹاگرام پر پوسٹ کی صورت میں فلمی سیٹ پر اپنےمختلف تجربات اور ساتھ دیگر اداکاروں کے ساتھ بات چیت کے واقعات بھی شیئر کرتی رہتی ہیں۔
اپنی تازہ ترین انسٹاگرام پوسٹ میں 72 سالہ اداکارہ نے حال ہی میں اپنے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ کے بارے میں انکشاف کیا جس کے سبب وہ موت کی دہلیزپر کھڑی تھیں۔
اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اداکارہ نے طویل نوٹ جاری کرتے ہوئے اپنی تکلیف دہ حالت کے بارے میں بتایا جب وہ آدھی رات کو اپنی بلڈ پریشر کی دوا نگلنے میں ناکام ہو گئیں۔
انہوں نے اپنے کیپشن میں دل دہلا دینے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ،’ایک بوڑھی عورت کی طرح اپنے گولیاں نگلتے ہوئے گھٹتی سانسوں کا ذکر کرنے کا خطرہ مول لیتے ہوئے، میں آپ سے وہ واقعہ شیئر کرنا چاہتی ہوں جو کل رات پیش آیا۔
زینت امان نے بتایا کہ،’یہ ایک طویل دن کی شوٹنگ کے بعد کا وقت تھا جو میں نے اندھیری ایسٹ کے ایک اسٹوڈیو میں کی تھی۔ میں گھر واپس آئی تھی جہاں میری پالتو کتیا لِلی خوشی سے بھاگتے ہوئے آئی اور اسے پوری توجہ دینے کے بعد میں نے جلدی سے اپنے رات کے معمولات مکمل کیے جس کے بعد نیند کی گہری آرام کے لئے میرے پاس آخری کام تھا اپنی بلڈ پریشر کی دوا لینا۔’ زینت امان بتاتی ہیں کہ،’میں نے گولی منہ میں ڈالی، پانی کا گھونٹ لیا اور پھر میری سانس رکی ہوئی محسوس ہوئی۔ وہ گولی میرے حلق میں اٹک گئی تھی۔ نہ تو نیچے جا سکتی تھی نہ اوپر اور نہ ہی میں سانس لے سکتی تھی، میں نے مزید پانی پیا، اور پھر مزیدیہاں تک کہ گلاس ختم ہو گیا، مگر گولی وہیں اٹکی رہی۔’انہوں نے اپنی بات کو جاری کو رکھتے ہوئےمزید لکھا کہ،’میرے ساتھ گھر میں کوئی نہیں تھا سوائے میرے کتے اور پانچ بلیوں کے اور مجھے گھبراہٹ محسوس ہونے لگی۔ ڈاکٹر کا نمبر مصروف تھا، تو میں نے اپنے بیٹے زہان خان کو فون کر کے جلدی آنے کی درخواست کی، جو اپنے منصوبے چھوڑ کر فوراً آگئے۔ جب تک وہ پہنچے میرے گلے میں تکلیف بڑھتی جا رہی تھی۔ میں صرف وہ گولی اور سانس کی تنگی کے بارے میں ہی سوچ رہی تھی۔’ اداکاہ نے مزید لکھا کہ،’ اس کہانی کا کوئی ڈرامائی اختتام نہیں ہے۔ہم نے آخرکار ڈاکٹر سے رابطہ کیا جنہوں نے کہا کہ یہ وقت کے ساتھ حل ہو جائے گی اور میں نے اگلے کچھ گھنٹے گرم پانی پیتے ہوئے گزارے اور انتظار کیا۔’ آج صبح میں نے اس واقعے پر تھوڑا شرمندہ محسوس کیا۔ لیکن اس تجربے سے گزر کر مجھے اس کا ایک استعارہ بنانے کی ضرورت محسوس ہوئی۔’ اس مشکل وقت سے ملنے والے سبق کے بارے میں زینت امان بتاتی ہیں کہ،’ زندگی میں ہمیشہ مشکل وقت آتے ہیں جو کم عمل اور زیادہ صبر کا تقاضا کرتے ہیں۔ وہ گولی اس صورتحال کا استعارہ ہے۔ وہ سب کچھ تھا جس کے بارے میں میں سوچ سکتی تھی، اس کا تکلیف دہ اثر شدید تھا، میں نے دوسروں سے حل طلب کیے، لیکن آخرکار میں جو کچھ کر سکتی تھی وہ صبر کا مظاہرہ اور اپنے خوف پر قابو پانا تھا۔ اور پھر جب وہ حل ہوئی، تو وہ میرے لئے فائدہ مند ثابت ہوئی۔اداکارہ کہتی ہیں کہ،’کبھی کبھی مسائل کا سامنا براہ راست کرنا ضروری ہوتا ہے۔ ان کا مقابلہ کرنا، چیلنج کرنا، تبدیلی لانا۔ لیکن کبھی کبھار ایک صورتحال کے لئے وہ نرم عمل، صبر، احتیاط اور توازن کی ضرورت ہوتی ہے۔یہ میرے آج کے چند خیالات ہیں اور ان کے ساتھ گزشتہ سال کے ایک ٹیسٹ شوٹ کی تصویر۔’ دوسری جانب زینت امان کیساتھ پیش آنے والے اس سانحہ کو سن کر سوشل میڈیا صارفین کمنٹ سیکشن میں انکے لیے نیک خواہشات کا اظیار کررہے ہیں۔ کام کے محاذ پر بات کریں تو زینت امان اگلے دنوں میں نیٹ فلکس کے شو ’دی رائلز’ اور فلم ’بن ٹکی’ میں نظر آئیں گی، جس میں ابھی دیول اور شبانہ عظمیٰ بھی شامل ہیں۔