کرینہ اور بپاشا کی ’کیٹ فائٹ’، کس نے کس کو ’کالی بلی’ کہا؟
بالی وڈ فلم انڈسٹری کی دو حسینائیں اداکارہ کرینہ کپور اور بپاشا باسو کی ماضی کی ’کیٹ فائٹ’ ایک مرتبہ پھر موضوع بحث بن گئی۔
کرینہ کپور اور بپاشا باسو کا شمار بی ٹاؤن حسیناؤں میں کیا جاتا ہے جو نہ صرف خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہیں بلکہ اداکاری میں بھی انکی کوئی مثال نہیں ملتی۔
لیکن یہ دونوں حسینائیں اپنے تنازع کے سبب ماضی میں موضوع بحث بنی تھی جب کرینہ نے خود کو سفید بلی کہتے ہوئے بپاشا باسو کو کالی بلی سے تشبہہ دی۔
کرینہ کپور اور بپاشا باسو کی دشمنی مشہور 'کیٹ فائٹس' میں نمایاں:
یہ کیٹ فائٹ اس وقت شروع ہوئی جب بپاشاباسو اپنی پہلی فلم ’اجنبی‘ میں جلوہ گر ہوئیں،اور اس فلم کی کاسٹ میں کرینہ کپور بھی شامل تھیں۔
کہا جاتا ہے کہ دونوں اداکاراؤں کے درمیان فلم کی ریلیز سے پہلے ہی ملبوسات کے معاملے پر سخت جھگڑا ہوا جس کے نتیجے میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور کرینہ نے بپاشا کو 'کالی بلی' کہا اور مبینہ طور پر انہیں تھپڑ بھی مارا۔
ہوا کچھ یوں کہ فلم 'اجنبی' کی شوٹنگ کے دوران کرینہ کپور کے ڈیزائنر وکرم فڈنیس نے کرینہ کی اجازت کے بغیر بپاشا باسو کی مدد کی تھی جس کے بعد دونوں اداکاراؤں کے درمیان اور شدید تلخ کلامی ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ جھگڑا اتنا شدید ہوگیا کہ کرینہ نے بپاشا کو 'کالی بلی' کہہ دیا۔ دوسری جانب، بپاشا نے کرینہ کے رویے کو 'بچکانہ' قرار دیا اور کہا کہ وہ کبھی بھی ان کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتیں۔
کیٹ فائٹ تنازع کے بعد کرینہ کا غصہ تھم نہ سکا:
بعدازاں کرینہ نے فلم فیئر کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بپاشا پر طنز کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں اپنے ٹیلنٹ پر اعتماد نہیں ہے
کرینہ کا بپاشا باسو سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ،’اسے اپنے ٹیلنٹ پر کوئی اعتماد ہی نہیں ہے۔ ایک چار صفحات کے انٹرویو میں اس نے تین صفحات میرے بارے میں بات کی۔ اپنے کام کے بارے میں کیوں نہیں بات کی؟ میرے خیال میں اس کی واحد وجہ شہرت یہی ہے کہ اس نے 'اجنبی' کے دوران مجھ سے جھگڑا کیا، وہ بھی ڈریس ڈیزائنر وکرم فڈنیس کی وجہ سے۔ اس نے یہ بیانات دیے ہیں کہ میں نے اسے نازیبا ناموں سے پکارا۔ یہ اس کی تصوراتی باتیں ہیں۔’
بپاشا باسو کا جوابی وار:
کرینہ کے اس بیان کے بعد 2001 میں فلم فیئر کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بپاشا خاموشی توڑتے ہوئے کرینہ کے ساتھ اپنی دشمنی کے بارے میں بات کی اور کہا کہ ڈیزائنر کے ساتھ کرینہ کا مسئلہ تھا میرے خیال میں یہ بات چھوٹی سی بات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ مجھے کیوں گھسیٹا گیا۔ یہ بہت بچکانہ تھا۔’
کرینہ کپور اپنے بیان پر ڈٹی رہیں:
اب اس حوالے سے حال ہی میں کرینہ کپور نے مشہور ٹی وی شو 'آپ کی عدالت' میں شرکت کی جس میں ان سے بپاشا باسو کے ساتھ جھگڑا اور مبینہ 'کالی بلی' والے بیان سے متعلق سوال کیا گیا۔
جواب میں کرینہ کپور نے ان الزامات سے انکار نہیں کیا بلکہ جواب دیا اگر وہ کالی بلی ہیں تو میں سفید بلی ہوں۔’