متھن چکرورتی نے شکتی کپور کے بال زبردستی کیوں مونڈھ دیے؟
بالی ووڈ کے معروف اداکار اور ولن شکتی کپور نے اپنے ابتدائی دنوں کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ متھن چکرورتی کا ان کے ساتھ کیا گیا سلوک ایک سبق آموز لمحہ بن گیا۔
شکتی کپور بالی ووڈ کے ایک مشہوراداکار ہیں جو اپنی مزاحیہ اور منفی کرداروں کے لئے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے ’انداز اپنا اپنا‘، ’ہلچل‘، ’تحفہ‘ اور بہت سی کامیاب فلموں میں اہم کردار ادا کیے ہیں۔
اسی طرح متھن چکرورتی نے 1980 اور 1990 کی دہائیوں میں اپنی اداکاری سے بہت شہرت حاصل کی۔ وہ نہ صرف ایک اداکار بلکہ ایک کامیاب ڈانسر بھی ہیں۔ ان کی فلمیں ’ڈسکو ڈانسر‘ اور ’پیارجھکتا نہیں’ ان کے کیریئر میں سنگ میل ثابت ہوئیں۔
دونوں اداکاروں نے اپنی عمدہ اداکاری سے بالی وڈ کی فلم انڈسٹری میں ایک نمایاں مقام بنایا ہے۔
ایک انٹرویو میں شکتی کپور نے بتایا کہ جب وہ اداکاری سیکھنے کیلئے انسٹیٹیوٹ پہنچے تو خود کو ایک ’اسٹار‘ محسوس کر رہے تھے۔ ممنوعہ مشروب کے گلاس کے ساتھ، انہوں نے ادارے میں داخل ہوتے ہی متھن چکرورتی سے ملاقات کی، جو ان کے سینئر تھے۔
شکتی نے ازراہ مذاق متھن کو ممنوعہ مشروب کی پیشکش کی، جسے متھن نے سختی سے مسترد کر دیا اور شکتی کی اس جرات پر سخت ردعمل دیا۔
شکتی کپور نے کہا کہ متھن نے انہیں ان کے رویے پر سزا دینے کا فیصلہ کیا، متھن اور ان کے دوستوں نے انہیں ایک کمرے میں لے جا کر زمین پر پھینک دیا، وہاں شکتی کے بالوں کا مذاق اڑایا گیا اور قینچی سے ان کے بال کاٹ دیے گئے، یوں متھن نے شکتی پر واضح کردیا کہ ایک سینئر کے ساتھ اس طرح کا برتاؤ ناقابل قبول ہے۔
بال کاٹنے کے بعد، شکتی کو ایک اور آزمائش کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں ٹھنڈے پانی میں 20 منٹ تک تیرنے کا حکم دیا گیا اور 40 لیپس مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔
شکتی نے بتایا کہ اس وقت وہ شرمندگی اور خوف کے باعث رو پڑے اور اپنے سینئرز کے پاؤں چھو کر معافی مانگی۔
یہ واقعہ شکتی کپور کے لیے ایک سبق آموز لمحہ ثابت ہوا، انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ اُن کا رویہ غلط تھا اور انہیں سینئرز کا احترام کرنا چاہیے تھا، وہ متھن کی اس حرکت کو ایک بہترین سبق کے طور پر یاد رکھتے ہیں، جس نے ان کی شخصیت اور رویے کو مثبت انداز میں بدل کے رکھ دیا۔