بھارتی ٹیم چیمپئنزٹرافی میں پاکستان کے نام والا ’لوگو‘شرٹ پرلگائیگی، بی سی سی آئی کی تصدیق
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے چیمپئنز ٹرافی کے آفیشل ’لوگو‘ کو شرٹ پر لگانےکی تصدیق کردی۔
چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیموں کی جرسی پر آئی سی سی کے منظور شدہ ’لوگو‘ پر پاکستان کا نام لکھا ہوا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ سے گفتگو میں سیکرٹری بھارتی کرکٹ بورڈ دیواجیت سائیکیا نےکہا ہےکہ ہم آئی سی سی کی گائیڈ لائنز کے مطابق چلیں گے۔ چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی جرسی پر ایونٹ کا آئی سی سی آفیشل لوگو ہی ہوگا، بھارتی ٹیم آئی سی سی قوانین کی پابندی کرےگی۔
خیال رہےکہ اس سے قبل بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بی سی سی آئی 'میزبان ملک ریگولیشن' کے حصے کے طور پر اپنی ٹیم کی کِٹ پر پاکستان لکھنےکا خواہاں نہیں ہے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے ردعمل میں مبینہ طور پر بی سی سی آئی سے کہا تھا کہ بھارتی ٹیم کِٹ پر پاکستان لکھنے کی پابند ہے کیونکہ پاکستان ٹورنامنٹ کا میزبان ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی قانون کے مطابق تمام ٹیموں کے لیے منظور شدہ ’لوگو‘ استعمال کرنا لازمی ہے۔ آئی سی سی قوانین کے مطابق ٹیموں کی جرسیوں پر میزبان ملک کا نام لکھا جانا چاہیے، قطع نظر اس سےکہ میچ کہاں ہو رہے ہیں۔