تازہ ترین

بشریٰ بی بی کا ترجمان کون ؟ پی ٹی آئی میں تنازع کھڑا ہوگیا


پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ترجمانی پر پارٹی میں تنازع کھڑا ہوگیا۔

مشعال یوسفزئی نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے بشریٰ بی بی کا ترجمان نامزد کیا ہے جبکہ مسرت جمشید چیمہ کا دعویٰ ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے انہیں بشریٰ بی بی کا ترجمان نامزد کیا ہے۔

مشرت چیمہ کا کہنا تاکہ مشعال یوسفزئی کو صرف لیگل معاملات سونپے گئے ہیں۔

اس حوالے سے فیصل چوہدری ایڈوکیٹ کا کہنا تھاکہ بشریٰ بی بی کی ترجمانی کے لیے پارٹی کسی کو بھی نوٹیفائی کرسکتی ہے، پارٹی کا نوٹیفکیشن سامنے آیا تو اس پر بات کروں گا۔

خیال رہے کہ آج جی ایچ کیو حملہ کیس میں مشعال یوسفزئی کا وکالت نامہ بھی چیلنج ہوا تھا اور عدالت نے وکالت نامے کے معاملے پر مشعال یوسفزئی کو شوکاز نوٹس جاری کیا۔

دوسری جانب اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں مشعال یوسفزئی کا کہنا تھاکہ میں کچھ لوگوں کے لیے تھریٹ بنی ہوئی ہوں، میرا جیل میں داخلہ روکنے کی کوشش کی جارہی ہے اور یہ اپنوں اور پرایوں کی ملی بھگت کی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کا خیال تھا چپ کرکے بیٹھ جاؤں گی، ان کوپتہ نہیں تھا مزاحمت کروں گی، ڈیڑھ سال میں میری وجہ سے تین مرتبہ سماعت روکی گئی ہے۔

مشعال یوسفزئی کا کہنا تھاکہ مسرت جمشید چیمہ کوترجمان نہیں بنایا گیا، وہ میڈیا ٹاک میں میرے ساتھ کھڑی ہوں گی، بشریٰ بی بی کی ترجمان میں تھی، میں ہی رہوں گی۔

صحافی نے سوال کیا کہ کون آپ کے آگے رکاوٹ کھڑی کررہا ہے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ کچھ پردے رہنے ہی دیں۔