تازہ ترین

پاکستان میں 6 سیاروں کی منفرد پریڈ دیکھنے کا بہترین وقت جان لیں


ہمارے نظام شمسی کے 6 سیارے ایک ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں تو بہتر ہے کہ شام کو اپنی نگاہیں آسمان پر جمالیں۔

جی ہاں واقعی آج کل سیارے ایک قطار میں آسمان پر دیکھے جاسکتے ہیں اور اس نظارے کے لیے پلانیٹ پریڈ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔

ماہر فلکیات ڈاکٹر جاوید اقبال کے مطابق 6 سیارے ان دنوں ایک ہی لائن میں نظرآرہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 22 جنوری کو غروب آفتاب کے بعد پاکستان میں ایک ساتھ 6 سیاروں کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ انسٹیٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں 6 سیاروں کا مشاہدہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ زہرہ، مشتری، مریخ اور زحل کو آنکھ سے دیکھا جاسکے گا، یعنی دوربین کی ضرورت نہیں۔

ڈاکٹر جاوید اقبال کے مطابق دیگر 2 سیاروں نیپچون اور یورینس کو دوربین کا استعمال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ماہر فلکیات نے بتایا کہ سیاروں کا یہ نظارہ فروری کےدوسرے ہفتے تک جاری رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ سیاروں کی پریڈ کا دیکھنے کا بہترین دن 25 جنوری ہوگا۔

سیاروں کی اس طرح کی قطار بہت زیادہ غیرمعمولی نہیں مگر متعدد سیاروں کو ایک ساتھ دیکھنے کا موقع ہر سال نہیں ملتا، جس وجہ سے یہ پلانیٹ پریڈ بہت خاص ہے۔

اگر آپ سیاروں کو آسمان پر دیکھنا چاہتے ہیں تو اس کا بہترین وقت سورج غروب ہونے کے 45 منٹ بعد ہوگا۔

زہرہ اور زحل جنوب مغرب میں جگمگا رہے ہوں گے جبکہ مشتری جنوب مشرقی آسمان پر چھایا ہوا ہوگا اور مریخ مشرق میں نظر آئے گا۔