جسٹس منصور کے بینچ سے مخصوص کیس نکالنا توہین عدالت کے مترادف، اسلام آباد بار
اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ کے بینچ میں سے مخصوص کیس نکالنا توہین عدالت کے مترادف ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ بارہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کیلئے کھڑی رہی ہے اور سینئر جج کی مخاصمت میں بینچ تبدیل کرنے پر سابق چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی حمایت کرتے تھے تاہم ، سپریم کورٹ پشاور رجسٹری میں فائزعیسیٰ اور جسٹس منصور علی شاہ نے معاملے کو طے کر دیا تھا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ ایک دفعہ کوئی کیس کسی بینچ میں لگ جائے تو اس کیس کا حتمی فیصلہ وہی بینچ کرے گا اور جسٹس منصور علی شاہ کے بینچ میں سے مخصوص کیس نکالنا توہین عدالت کے مترادف ہے، ماضی کے فیصلوں کی روشنی میں اصولی موقف پر جسٹس منصور علی شاہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا کہ جو کیس پہلے سے وہ سن چکے ہیں وہی کیس ان کے سامنے لگایا جائے۔
بار ایسوسی ایشن کی جانب سے کہا گیا کہ اگر ایسا نہیں ہوتا تو یہ سپریم کورٹ نہیں بلکہ سرکاری عمل داری کا ذیلی ادارہ کہلائے گا جبکہ عدلیہ کی آزادی اور آئین کی اصلی حالت میں بحالی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔