تازہ ترین

بھارتی حدود میں 'PIA کے جہاز' نے کھلبلی مچادی


بھارتی سرحدی محافظین ماضی میں کئی بار ’پاکستانی جاسوس کبوتر‘ پکڑنے کا دعویٰ کر چکے ہیں جنہیں باقاعدہ پولیس کے حوالے کرکے زیرحراست رکھا جاتا ہے اور کئی کئی دنوں بعد آزاد کیا جاتا ہے۔

تاہم بھارتی میڈیا کی تازہ رپورٹس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان سے اُڑ کر بھارت جانے والے غباروں پر درج پاکستان کا نام ہی بھارت میں کھلبلی مچانے کیلئے کافی ہے۔

حال ہی میں بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے ضلع اونا کے ایک گاؤں کے کھیتوں میں ایک ہوائی جہاز کی شکل والا غبارہ ملا جس پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) درج تھا۔

بچوں کے کھیلنے کیلئے بازاروں میں عام فروخت کیے جانے والے اس غبارے نے بھارتی گاؤں میں کھلبلی مچادی اور مقامی لوگوں میں سنسنی پھیل گئی۔

برہمپور نامی اِس گاؤں میں ایک بچے کو یہ غبارہ کھیتوں میں پڑا ملا تھا، اس نے فوراً گاؤں کی پنچایت کے سربراہ لکی شرما کو معاملے سے آگاہ کیا جنہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔

اطلاع ملنے پر دولت پور چوکی کے انچارج روی پال اور کلبھوشن گلیریا موقع پر پہنچے اور غبارے کو اپنے قبضے میں لے لیا۔

روی پال نے کہا کہ یہ ہوائی جہاز جیسا دکھنے والا غبارہ پلاسٹک کا بنا ہوا ہے اور شاید ہوا سے اڑتے ہوئے بھارتی حدود میں داخل ہوگیا تھا۔

ابتدائی تفتیش میں پولیس کو غبارے کے ساتھ کوئی مشکوک چیز نہیں ملی ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔