پاک فضائیہ کے جے ایف17طیاروں کی سعودی عرب تک بنا رکے پرواز
پاک فضائیہ کے جے ایف 17لڑاکا طیارے کثیر ملکی فضائی جنگی مشقوں میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے، لڑاکا طیاروں نے اپنے ہوم بیس سے سعودی عرب کے لیے بنا رکے اڑان بھری۔
آئی ایس پی آرکے مطابق کثیر قومی فضائی جنگی مشق "اسپیئرز آف وکٹری 2025" سعودی عرب میں منعقد ہو رہی ہے، ان مشقوں میں شرکت کے لیے پاک فضائیہ کا جے ایف-17 تھنڈر بلاک III لڑاکا طیاروں پر مشتمل دستہ سعودی عرب پہنچ گیا جس میں فضائی اور زمینی عملہ شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پی اے ایف کے لڑاکا طیاروں نے اپنے ہوم بیس سے سعودی عرب کے لیے براہ راست اڑان بھری اور اس دوران ائیر ٹو ائیر ایندھن بھرنےکا کام انجام دیا۔ یہ جے ایف 17 طیاروں کی طویل فاصلے تک پرواز کی صلاحیتوں کا مظہر ہے، پاک فضائیہ کے پائلٹس اے ای ایس اے ریڈار اور بی وی آر میزائلوں سے لیس جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری کے ساتھ مشق میں شریک ہوں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جے ایف17طیاروں نے اپنے ہوم بیس سے سعودی عرب کیلئے براہ راست اڑان بھری اور اس دوران ائیر ٹو ائیر ایندھن بھرنےکا کام انجام دیا،فوٹو: اسکرین شاٹ
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اسپیئرز آف وکٹری میں سعودی عرب، پاکستان، بحرین، یونان، قطر، یو اے ای، امریکا اور برطانیہ کے جدید لڑاکا طیارے اور کمبیٹ سپورٹ ایلیمنٹس بھی شامل ہیں۔
سعودی شاہی فضائیہ پانچویں بار اسپیئرز آف وکٹری کی میزبانی کر رہی ہے، یہ مشق تکنیکی ترقی، ائیر پاور ایپلی کیشن میں بڑھتی ہوئی پیچیدگی اور مشترکہ فضائی دفاعی چیلنجوں میں شریک فضائیہ کے اندر باہمی تعاون کو بڑھانےکا ایک بہترین موقع فراہم کرتی ہے