صوبائی حکومت نے مذاکرات کے نام پر دہشتگردوں کو دوبارہ پختونوں پر مسلط کردیا: امیرحیدر ہوتی
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر خان ہوتی نےکہا ہےکہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے مذاکرات کے نام پر دہشت گردوں کو دوبارہ پختونوں پر مسلط کردیا ہے۔
صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر حیدرخان ہوتی کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کہتے تھےکہ ملک کو امریکی غلامی سے آزاد کرائیں گے، اب ٹرمپ بانی پی ٹی آئی کو آزاد کریں گے اور پھر بانی پی ٹی آئی ہمیں امریکی غلامی سے آزاد کرائیں گے۔
امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ 11سالوں سے ہمارے صوبے مں ایک مخصوص پارٹی کے حوالے حکومت ہے، وزیرستان،کُرم، مہمند اور باجوڑ میں ایک بار پھر آگ لگی ہوئی ہے،کُرم میں آگ لگی ہوئی تھی لیکن وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کُرم جانے کے بجائے اسلام آباد چلے گئے۔
امیرحیدرخان ہوتی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مذاکرات کے نام پر دوبارہ دہشت گردوں کو پختونوں پر مسلط کردیا ہے، حکومت خود دہشت گردوں کے ساتھ رابطے کرتی ہے اور انہیں بھتہ بھی دیتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں صوبے پر مسلط حکومت سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ اس پر کیوں خاموش ہیں؟ آپ عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکے ہو۔