تازہ ترین

ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 13.5 فیصد تک لےجانے کا ہدف ہے: وزیر خزانہ


اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ چند سال میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 13.5 فیصد تک لےجانے کا ہدف ہے۔

جیو نیوز کے مطابق وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے موڈیز ریٹنگ ایجنسی کے ساتھ ورچوئل اجلاس کیا جس دوران پاکستان کی معاشی صورتحال، اصلاحاتی ایجنڈے اور  پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ 

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف پروگرام کے گزشتہ ریویو کا کامیاب اختتام، دوسری قسط کی فراہمی اورریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلیٹی فیسلٹی میں پیشرفت سے آگاہ گیا۔ 

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وزیرخزانہ نے بجٹ میں کیےگئے مالیاتی اقدامات، تجارتی و ٹیرف اصلاحات پر بریفنگ دی جب کہ انہوں نے امریکاکے ساتھ ترجیحی ٹیرف تک رسائی سے متعلق بات چیت کو مثبت پیشرفت قرار دیا۔

وزیر خزانہ اور معاشی ٹیم نے موڈیز کو معیشت میں بہتری کے ٹھوس شواہد پیش کیے، اس دوران وفد کو مہنگائی اور شرح سود میں کمی،  شرحِ مبادلہ میں استحکام، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس اور زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافے سے بھی آگاہ کیا گیا جب کہ موڈیز کو ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب بہتر بنانے کی اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ 

اس موقع پر محمدوزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حالیہ بجٹ میں محتاط مالی حکمت عملی اختیار کی گئی، برآمدات پر مبنی ترقی کے لیے ٹیرف اور تجارتی اصلاحات کی گئی ہیں، امریکا کے ساتھ تجارت پرمذاکرات حوصلہ افزا پیشرفت کر رہے ہیں۔ 

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیکس نیٹ کو وسعت دینےاور چوری روکنے کے لیے پرعزم ہے، 2 ٹریلین کے اضافی محصولات خودکار اصلاحات کے ذریعے حاصل کیے، چند سال میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 13.5 فیصد تک لےجانے کا ہدف ہے، اُمید ہے عالمی ریٹنگ ایجنسیاں ان بہتریوں کو مثبت طور پر تسلیم کریں گی۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پرپاکستان کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد بحال ہوا، پاکستان کی معیشت استحکام کے راستے پر ہے، ریٹنگ میں بہتری کی امید ہے۔