
بھارتی ریاست تلنگانہ کی کیمیکل فیکٹری میں دھماکے سے ہلاکتیں 34 ہوگئیں
حیدر آباد: بھارتی ریاست تلنگانہ کی کیمیکل فیکٹری میں دھماکے سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 34 ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع سنگا ریڈی کے صنعتی علاقے میں واقع کیمیکل فیکٹری میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کے مزید کچھ زخمی بھی زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے چل بسے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد اب 34 ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے مزید افراد کا علاج تاحال جاری ہے تاہم زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک افراد کے لواحقین کے لیے 2 لاکھ جب کہ زخمی ہونے والے افراد کو 50 ہزار روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔