تازہ ترین

کے پی سینیٹ الیکشن: اپوزیشن کا پی ٹی آئی کو ٹف ٹائم کیلئے ملکر الیکشن لڑنے پر غور


پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی میں  اپوزیشن جماعتوں نے سینیٹ انتخابات میں  پی ٹی آئی کو ٹف ٹائم دینے کیلئے مل کر الیکشن لڑنے پر بات چیت شروع کردی۔

ذرائع کے مطابق 21 جولائی کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کے لیے (ن) لیگ، جے یو آئی (ف)  اور پیپلزپارٹی نے ایک دوسرےکے امیدواروں کو سپورٹ کرنے  پر غور شروع کردیا ہے اور اس حوالے سے بات چیت بھی ہورہی ہے۔ 

ذرائع نے بتایا کہ متحد ہونے  پر (ن) لیگ اور پی پی ٹیکنوکریٹ کی نشست پر جے یو آئی (ف) کے امیدوار دلاور خان کو ووٹ دیں گے جب کہ  جے یو آئی اور (ن) لیگ خواتین کی نشست پرپیپلزپارٹی کی امیدوار روبینہ خالد کو ووٹ دیں گی، اس کے علاوہ پیپلزپارٹی اور جے یو آئی امیر مقام کے بیٹے نیاز احمد خان کو جنرل نشست پر سپورٹ کریں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں جماعتیں 2 دن بعد اپنی حکمت عملی کا باضابطہ اعلان کرسکتی ہیں۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی 11 خالی نشستوں پر پولنگ 21 جولائی کو ہوگی جس کے لیے 16 امیدوار میدان میں ہیں