تازہ ترین

ائیر انڈیا حادثہ: سینئر پائلٹ کے ڈپریشن اور دماغی مسائل میں مبتلا ہونے کا انکشاف


بھارتی شہر  احمد آباد میں طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے پائلٹ کے دماغی مسائل اور ڈپریشن میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

رواں برس جون میں لندن جانے والا ائیر انڈیا کا مسافر طیارہ احمد آباد میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں 260 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ طیارے میں گجرات کے سابق وزیراعلیٰ روپانی بھی سوار تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ تفتیش کاروں کو دیے گئے میڈیکل ریکارڈ کے مطابق  طیارے کا پائلٹ ڈپریشن اور دماغی صحت  کے دیگر مسائل میں مبتلا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ  56 سالہ کیپٹن سُمیت سبھروال بدقسمت ائیر انڈیا طیارے کے لیڈ پائلٹ تھے۔

اس حوالے سے برطانوی روزنامہ ٹیلی گراف کی ایک  رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’حالیہ 3 سے 4  برسوں کے دوران کیپٹن سُمیت سبھروال نے ذہنی صحت کے مسائل کے سبب میڈٰیکل چھٹیاں بھی لی تھیں ‘۔

انڈین ایوی ایشن کے سیفٹی ایکسپرٹ موہن رنگاناتھن نے ٹیلی گراف کو بتایا کہ’ مجھے کئی پائلٹس نے بتایا تھا کہ کیپٹن سُمیت سبھروال ذہنی مسائل کا شکار تھے، سبھروال نے 2022 میں اپنی والدہ کے انتقال  کی چھٹیاں بھی لی تھیں جب کہ  ان کے  بوڑھے والد کی دیکھ بھال کا ذمہ بھی سُمیت کے ذمے ہی تھا‘ ۔

دوسری جانب ائیر انڈیا نے سُمیت سبھروال کی دماغی صحت سے متعلق رپورٹس پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے تاہم ائیر لائن کی پیرنٹ کمپنی ٹاٹا گروپ کے ترجمان نے تصدیق کی کہ پائلٹ کے ریکارڈ کو بھی تبدیل کیا جاچکا ہے۔

انہوں نے وضاحت پیش کرتے ہوئے مزید بتایا کہ ’ گزشتہ برس ستمبر میں کام پر آنے سے قبل پائلٹ کا میڈیکل ٹیسٹ کیا گیا ہوگا جس کے بعد ہی پائلٹ کو کام پر واپس آنے کے لیے کلیئرنس دی گئی ہوگی‘۔