تازہ ترین

غزہ: بھوک سے نڈھال امداد کے منتظر فلسطینیوں پر فائرنگ کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی


غزہ میں امداد کی انتظار میں کھڑے فلسطینیوں پر فائرنگ کی ایک اور  ویڈیو  سامنے آگئی۔  

تفصیلات کے مطابق سامنے آنے والی ویڈیو امریکا اسرائیل کے زیر انتظام غزہ ہیومینیٹیرین فاونڈیشن (GHF) کے امدادی مراکز  کی ہے جہاں امداد کے منتظر نہتے فلسطینیوں پر فائرنگ کی گئی۔

سوشل میڈیا پر موجود ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سکیورٹی کنٹریکٹرز  اور اسرائیلی فوجی بھوک سے نڈھال فلسطینیوں پر گولیاں چلارہے ہیں جب کہ  امداد کےلیے جمع کچھ فلسطینی زمین پر لیٹے خود کو گولیوں سے بچانے کی کوشش کررہےہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی خبر ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ غزہ میں امدادی مراکز پر تعینات امریکی سکیورٹی کنٹریکٹرز نے خوراک کے لیے جمع بھوک سے نڈھال فلسطینیوں پر براہِ راست گولیاں چلائیں جب کہ ان پر اسٹن گرینیڈز اور مرچ اسپرے کا بھی استعمال کیا گیا۔ دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری جاری ہے جس کے نتیجے میں گزشتہ روز مزید 78 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غزہ میں اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 58 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اورتقریباً ایک لاکھ 40 ہزار زخمی ہیں