تازہ ترین

حرمین شریفین میں رمضان کا پہلا جمعہ، لاکھوں فرزندان اسلام کی شرکت


سعودی عرب میں حرمین شریفین میں رمضان کے پہلے جمعہ کی نماز لاکھوں فرزندان اسلام نے خشوع و خصوع سے ادا کی اور بیشتر وقت عبادت میں مصروف رہے۔

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ادارہ امور حرمین کی جانب سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے بے مثال اقدامات کئے گئے تھے۔

حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد الحرام کے اندر اور بیرونی صحنوں میں جمعے کو صبح سے ہی انتظامات مکمل کرلیے تھے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور اطمینان سے نماز ادا کرسکیں۔

حرمین انتظامیہ کی جانب سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں آنے والوں کی سہولت کے لیے 11 ہزار سے زائد کارکنوں کو تعینات کیا گیا تھا جو زائرین کی رہنمائی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں بھی انتظامیہ نے زائرین کی بڑی تعداد کے پیش نظر خصوصی انتظامات کیے تھے، مسجد کے بیرونی صحنوں، برآمدوں اور چھت پر بھی نماز ادا کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں حرمین انتظامیہ کی جانب سے زائرین کو بے مثال طبی خدمات کی فراہمی جاری ہے، بیرونی ممالک سے آنے والوں کے لئے مقدس شہروں میں بہترین طبی سہولتوں کے ساتھ دواخانے موجود ہیں۔

سعودی ہلال الاحمر نے ”کارڈیک الیکڑک شاک ڈیوائس“ مسجد الحرام کے 15 مقامات پرنصب کردی ہیں، تاکہ طبی ٹیمیں بلا کسی تاخیر کے فرسٹ ایڈ کی فراہمی ممکن بنا سکیں۔

ماہ رمضان میں عمرہ زائرین بڑی تعداد میں مسجد الحرام پہنچتے ہیں، ان کی دیکھ بھال اور انہیں فوری صحت خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہلال الاحمر کی ٹیمیں ہمہ وقت موجود ہوتی ہیں۔

مسجد الحرام میں ہلال الاحمر کے متعدد یونٹس موجود ہیں جبکہ زیادہ رش والے مقامات پر بھی ہنگامی امدادی ٹیمیں مکمل طبی امدادی سامان کے ساتھ زائرین کی خدمت کے لئے چوکس رہتی ہیں۔