
'چھاوا کی کامیابی کا کریڈٹ وکی کوشل کو نہیں جاتا'
فلم ’چھاوا‘ اس سال ریلیز ہونے والی سب سے بڑی بلاک بسٹر فلم ہے جوباکس آفس پر کمائی کا 800 کروڑ کا ہندسہ پار کرچکی ہے۔
اس فلم کی کامیابی کا کریڈٹ بہت سے لوگ وکی کوشل کو دے رہے ہیں لیکن اداکار و ہدایتکار مہیش منجریکر کا نظریہ اس حوالے سے کچھ مختلف ہے۔
وکی کوشل نے لکشمن اُٹیکر کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’چھاوا‘ میں مرکزی کردار ادا کیا، جو 16 ویں صدی کے چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی زندگی پر مبنی تھی۔
یہ تاریخی ایکشن ڈرامہ فلم باکس آفس پر زبردست کامیاب ہوئی اور عالمی سطح پر 800 کروڑ کا شاندار کاروبار کیا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں مہیش منجریکر نے فلم کی بڑی کامیابی اور مہاراشٹرا کے اس میں کردار پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ فلم کی کامیابی اداکار کی وجہ سے نہیں، بلکہ تاریخی کردار کی بدولت ممکن ہوئی۔
چھاوا کے بارے میں مہیش منجریکر کی رائے:
فلم پر بات کرتے ہوئے مہیش نے کہا کہ وکی کوشل ایک بہت عمدہ اداکار ہے، اس کی فلم چھاوا نے 800 کروڑ کمائے لیکن وکی کوشل یہ کبھی نہیں کہہ سکتا کہ لوگ اسے دیکھنے آئے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ایسا ہوتا تو وہ اس کی پچھلی پانچ فلمیں بھی دیکھنے آتے، ناظرین تمہارے کردار کو دیکھنے آئے تھے، اس کی پچھلی پانچ فلمیں نہیں چلیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلم کی کامیابی کا سہرا مہاراشٹرا کے سر جاتا ہے، یہ میرا مہاراشٹرا ہے جس نے ہندی فلم انڈسٹری کو بچایا ہے، آج ’چھاوا ‘کامیاب ہو رہی ہے اور اس کا 80 فیصد کریڈٹ مہاراشٹرا کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دراصل 90 فیصد کریڈٹ مہاراشٹرا کے شہر پونے کو جاتا ہے اور باقی مہاراشٹرا کے دیگر حصوں کو، مہاراشٹرا فلم انڈسٹری کو بچا سکتا ہے۔
چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی زندگی پر مبنی اس تاریخی ڈرامے نے بھارت میں 600 کروڑ کا سنگ میل عبور کر لیا ہے، سکنلک کے مطابق، فلم نے عالمی سطح پر 807.6 کروڑ کما لیے ہیں۔
لکشمن اٹیکر کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں وکی کوشل کے ساتھ رشميکا مندانا نے سمبھاجی مہاراج کی اہلیہ، یسوبائی بھونسلے کا کردار نبھایا ہے۔
اکشے کھنہ، اشوتوش رانا اور دیویا دتہ بھی اہم کرداروں میں شامل ہیں، فلم کو دنیش ویجان نے میڈاک فلمز کے بینر تلے پروڈیوس کیا ہے۔