تازہ ترین

شاہ رخ خان نے کبھی کشمیر نہ جانے کا فیصلہ کیوں کیا؟


فلموں کی شوٹنگ اور سیرو تفریح کی غرض سے دنیا بھر میں گھومنے پھرنے والے بالی ووڈ انڈسٹری کے بے تاج بادشاہ شاہ رخ خان نے کبھی کشمیر نہ جانے کا فیصلہ کرنے کی دلچسپ وجہ بتادی۔

4 نومبر 2012 کو بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان اور خوبرو اداکارہ کترینہ کیف نے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی میزبانی میں مقبول کوئز شو 'کون بنے گا کروڑ پتی' کے چھٹے سیزن میں خصوصی شرکت کی تھی۔

شاہ رخ اور کترینہ اپنی رومانوی فلم 'جب تک ہے جان' کی تشہیر کے لیے اس شو میں آئے تھے، جو 13 نومبر 2012 کو سینما گھروں کی زینت بنی، فلم میں انوشکا شرما بھی اہم کردار میں نظر آئیں۔

شو کے دوران امیتابھ بچن نے شاہ رخ خان سے تذکرہ کیا کہ 'جب تک ہے جان' ان کی پہلی فلم ہے جس کی شوٹنگ کشمیر میں ہوئی ہے۔

اس پر شاہ رخ خان نے اپنے دل کی بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ زندگی میں پہلی بار کشمیر آئے تھے اور اس کے پیچھے ایک جذباتی وجہ ہے۔ شاہ رخ خان نے بتایا کہ 'میرے والد کی والدہ کشمیری تھیں، میرے والد نے مجھے کہا تھا کہ زندگی میں تین جگہیں ضرور دیکھنا، چاہے میں رہوں یا نہ رہوں، استنبول، روم اور کشمیر، مگر ساتھ یہ بھی کہا کہ استنبول اور روم میرے بغیر بیشک دیکھ لینا لیکن کشمیر میرے بغیر کبھی مت دیکھنا'۔شاہ رخ نے جذباتی انداز میں بتایا کہ 'میرے والد کا انتقال بہت جلدی ہو گیا تھا، میں دنیا بھر میں گھوما، دوستوں نے کئی بار کشمیر چلنے کو بھی کہا، گھر والے بھی چھٹیوں منانے وہاں گئے، مگر میں کبھی کشمیر نہیں گیا، اس کی وجہ وہاں کے سیاسی و جغرافیائی حالات نہیں، دل میں بس یہی بات تھی کہ ابا جان کے بغیر وہاں جانا ٹھیک نہیں لگتا'۔ اداکار نے بتایا کہ فلم 'جب تک ہے جان' کی شوٹنگ کے دوران ڈائریکٹر یش چوپڑا، جنہیں وہ والد کی طرح مانتے تھے، انہوں نے اچانک کہا کہ 'بیٹا، ہم کشمیر میں شوٹ کریں گے'، شاہ رخ کا کہنا تھا کہ عام حالات میں وہ کشمیر جانے سے منع کر دیتے، مگر یش جی کے ساتھ کمشیر جانا انہیں صحیح لگا۔ شاہ رخ خان نے کہا کہ 'جب میں کشمیر میں اترا اور ہیلی کاپٹر سے گلمرگ جا رہا تھا تو برسوں بعد میں نے دل سے خوشی محسوس کی، کشمیر میں شوٹنگ کا تجربہ میری زندگی کے سب سے خوبصورت لمحوں میں سے ایک تھا'۔واضح رہے کہ شاہ رخ خان کے والد، میر تاج محمد خان، 1981 میں کینسر کے باعث انتقال کر گئے تھے اُس وقت شاہ رخ خان کی عمر صرف 15 سال تھی، جبکہ ان کی والدہ، لطیف فاطمہ خان، 1991 میں ذیابیطس کے باعث چل بسیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ 'جب تک ہے جان' عظیم ہدایتکار یش چوپڑا کی آخری فلم تھی، فلم کی ریلیز سے کچھ ہفتے قبل، اکتوبر 2012 میں یش چوپڑا کا بھی انتقال ہو گیا تھا۔