تازہ ترین

ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ: پاکستان کے ارشد ندیم نے گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا


اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولن تھرور ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بھی گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔

جنوبی کوریا میں ہونے والے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان کے یاسر سلطان نے پہلی باری میں 70.53 میٹر کی تھرو کی، یاسر کی دوسری تھرو 75.39 میٹر کی رہی جب کہ تیسری کوشش میں یاسر سلطان نے 75.50 میٹر کی تھرو کی۔

پاکستان کے ارشد ندیم نے پہلی تھرو 75.64 میٹر کی پھینکی جب کہ دوسری کوشش میں ان کی تھرو 76.80 میٹر کی رہی، ارشد نے تیسری کوشش میں 85.57 میٹر کی تھرو پھینکی، انہوں نے چوتھی کوشش میں 83.99 میٹر کی تھرو پھینکی۔

چوتھے راؤنڈ کے اختتام پر ارشد ندیم چارٹ پر پہلے نمبر پر موجود رہے جس کے بعد انہوں نے اپنی آخری تھرو 86.40 میٹر لمبی پھینکی اور بلآخر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔

ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ جیولن تھرور کے فائنل مقابلے میں بھارت کے سچن یادو دوسرے نمبر پر رہے۔

واضح رہے کہ ارشد ندیم اس سے قبل پیرس اولمپکس میں بھی گولڈ میڈل حاصل کرچکے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی کی مبارکباد

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شاباش ارشد ندیم شاباش. ہمیں آپ پر ناز ہے، ارشد کی جیت پر ان کے کوچ اور اہلخانہ کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں،  ارشد ندیم پاک دھرتی کا سپوت ہے اور آج ارشد ندیم نے ایک بار پھر ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔