تازہ ترین

فنکاروں کو بدنام کرنے کے بجائے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے ،فیصل قریشی


مایہ ناز اداکار فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ فنکاروں کو بدنام کرنے کے بجائے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

انہوں نے حالیہ انٹرویو میں فواد خان اور ہانیہ عامر پر کی جانے والی تنقید پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ اپنی آنے والی فلم دیمک کی پروموشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے، ان کے انداز میں واضح دکھ، سچائی اور درد محسوس ہو رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اکثر اتحاد کی بات کرتے ہیں، ایک قوم ہونے کی بات کرتے ہیں، لیکن جب اپنے ہی لوگوں کی باری آتی ہے تو ہم ان پر انگلیاں اٹھانے لگتے ہیں۔ کیا یہ رویہ واقعی ہمیں آگے لے جائے گا؟

فیصل قریشی نے فواد خان اور ہانیہ عامر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ فواد نے ٹوئٹ کی، وہ اپنی فلم بچانے کی کوشش کر رہا تھا جس پر وہ کئی مہینوں سے دن رات کام کر رہا تھا، ہانیہ نے بھی آواز بلند کی۔ اور ماہرہ تو آغاز سے ہی کھڑی رہی۔ پھر ہم انہیں کیوں نیچا دکھانے کی کوشش کرتے ہیں؟

انہوں نے واضح کیا کہ فنکار صرف روشنیوں کے پیچھے کھڑے چہرے نہیں ہوتے، وہ انسان ہوتے ہیں، جذبات رکھتے ہیں، دباؤ کا سامنا کرتے ہیں

اداکار نے کہا کہ ہم لوگ آسانی سے بول دیتے ہیں، مگر یہ نہیں سوچتے کہ ہمارے الفاظ کتنا گہرا اثر ڈال سکتے ہیں۔ کبھی کبھار یہ اثر صرف دل نہیں توڑتا بلکہ انسان کو خطرے میں بھی ڈال دیتا ہے۔ 

انہوں نے جنید جمشید کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ ماضی میں جنید جمشید کے ساتھ کیا ہوا، ان کے خلاف نفرت انگیز مہم چلائی گئی اور یہاں تک کہ ان پر حملہ بھی کیا گیا۔

فیصل قریشی نے نہایت دردمندی سے بتایا کہ انہوں نے اس معاملے پر نادیہ خان سے بھی گفتگو کی جس میں انہوں نے نادیہ کو فون کر کے کہا کہ یہ سب کچھ نہیں ہونا چاہیے۔ ہم سب کو ایک دوسرے کا سہارا بننا ہے، نہ کہ زخم دینے والے الفاظ کا بوجھ۔

انہوں نے گفتگو کے آخر میں کہا کہ میں اپنی طرف سے جو بن پڑے گا، ضرور کروں گا، لیکن میں دوسروں پر انگلی اٹھانے کا حق اپنے لیے نہیں رکھتا۔ ہمیں اپنے فنکاروں، اپنے لوگوں کی عزت کرنی چاہیے۔ تنقید سے پہلے سوچ لینا چاہیے کہ اگر وہ ہماری جگہ ہوتے تو ہمیں کیسا لگتا؟